الیکشن کمیشن کی بے قاعدگیوں کے خلاف کانگریس کا آج دھرنا

,

   

نیشنل ووٹرس ڈے تقریب کا بائیکاٹ، دھرنا میں اپوزیشن قائدین کی شرکت: ششی دھر ریڈی

حیدرآباد۔ 23 جنوری (سیاست نیوز) اسمبلی انتخابات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے مبینہ بے قاعدگیوں اور فہرست رائے دہندگان سے لاکھوں کی تعداد میں ناموں کو حذف کیے جانے کے خلاف بطور احتجاج کانگریس پارٹی کل 24 جنوری کو دھرنا چوک اندرا پارک پر دھرنا منظم کرے گی۔ پردیش کانگریس کی الیکشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدرنشین و سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس دھرنا میں صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، سی ایل پی قائد بھٹی وکرامارکا، سابق سی ایل پی لیڈر جانا ریڈی، محمد علی شبیر، ورکنگ پریسیڈنٹ ریونت ریڈی، رکن اسمبلی ڈی کے ارونا کے علاوہ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی، تلگودیشم کے ریاستی صدر ایل رمنا، تلنگانہ جناسمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈارام اور ایم بی ٹی کے قائدین کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دھرنے کے انعقاد کا مقصد انتخابی بے قاعدگیوں کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار نے 25 جنوری کو قومی ووٹرس ڈے کے سلسلہ میں انہیں شرکت کی دعوت دی ہے۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اسمبلی انتخابات میں کی گئی بے قاعدگیوں پر بطور احتجاج وہ تقریب کا بائیکاٹ کریں گے۔

ششی دھر ریڈی نے شہر سے تعلق رکھنے والے شکست خوردہ امیدواروں اور دیگر قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں دھرنا پروگرام کی کامیابی کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ووٹرس ڈے کے انعقاد کا مقصد تمام اہل افراد کا نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کرنا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے دعوی کیا کہ فہرست رائے دہندگان میں تمام مستحق افراد کے نام شامل کیے جائیں گے لیکن ان کا یہ دعوی اس لیے مضحکہ خیز ہے کیوں کہ اسمبلی انتخابات میں لاکھوں نام حذف کردیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں الیکٹورل آفیسر کی جانب سے حذف کیے گئے تمام ناموں کو شامل کرنے کا کوئی تیقن نہیں دیا گیا ہے لہٰذا وہ ووٹرس ڈے تقریب کا بائیکاٹ کررہے ہیں۔ انہوں نے رجت کمارکے اس ریمارک پر سخت برہمی کا اظہار کیا جس میں انہوں نے کہا کہ طیاروں میں الٹ پھیر ہو تو کیا بیل بنڈی پر سفر کریں گے؟ رجت کمار نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی جگہ بیلٹ پیپر کے استعمال کے مطالبہ پر یہ ریمارک کیا تھا۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ امریکہ طیاروں میں نہیں بلکہ بیل بنڈی میں سفر کررہا ہے۔ کیوں کہ وہاں آج بھی انتخابات میں بیلٹ پیپر کا استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان نے سب سے پہلے ای وی ایم مشینوں کو متعارف کیا تھا لیکن اب انتخابات میں بیلٹ پیپر کا استعمال ہورہا ہے۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی اکثریت نے بیلٹ پیپر رائج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم پر عوام کا بھروسہ کم ہونے کے سبب وی وی پیاٹ کو متعارف کیا گیا۔ ششی دھر ریڈی نے اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری کی حیثیت سے پرینکا گاندھی کے تقرر پر مسرت کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ملک بھر میں کانگریس پارٹی مستحکم ہوگی۔