امارات :اقامہ ہولڈرز کے داخلے پرعارضی پابندی میں توسیع

   

دبئی۔3 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) متحدہ عرب امارات کی حکومت نے’کرونا‘ (کوویڈ۔ 19) کی وباء کی روک تھام کیلئے امارات کا اقامہ رکھنے والے شہریوں کی واپسی پر عارضی پابندی میں دو ہفتے کی مزید توسیع کی ہے۔’العربیہ‘ کے مطابق اماراتی حکومت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے افراد جو امارات کا اقامہ رکھتے ہیں مگر اس وقت بیرون ملک ہیں وہ کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے پیش نظر واپس نہ آئیں۔ حکومت نے اقامہ کے حاملین پر دو ہفتے تک مزید پابندی عاید کی ہے اور اس میں توسیع کی جا سکتی ہے۔وزارت خارجہ اور بین الاقوامی تعاون نے کہا ہے کہ بہت سے غیر ملکی شہری متحدہ عرب امارات کا اقامہ رکھتے ہیں مگر وہ اس وقت امارات میں نہیں۔ وہ اس وقت تک واپس نہ آئیں جب تک کرونا کا خطرہ موجود ہے یا اس حوالے سے حکومت کا کوئی نیا فیصلہ نہیں آ جاتا۔ اقامہ ہولڈر اس حوالے سے مزید تفصیلات وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات اور روز مرہ کی بنیاد پر ہونے والی اپ ڈیٹ سے جانکاری حاصل کرسکتے ہیں۔ جب اقامہ کے حامل افراد کو متحدہ عرب امارات میں داخلے کی اجازت دی جائے گی تو اس کا اعلان ویب سائٹ پربھی کیا جائیگا۔