امریکہ،یونان سے متعلق غلط اندازے لگانے سے گریز کرے: ترکیہ

   

انقرہ : صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ امریکہ سے ہماری توقع یونان کے بارے میں غلط اندازہ نہ لگانے سے متعلق ہے۔اردغان نے گزشتہ رات کچھ ٹیلی ویڑن چینلز کی مشترکہ نشریات میں ایجنڈے کا جائزہ لیا۔بحیرہ ایجیئن میں واقع جزائر پر امریکی جنگی جہاز بھیجنے پر تنقید کرتے ہوئے اردغان نے کہا کہ امریکہ نیٹو میں شامل ممالک سے مساوی اور منصفانہ اقدامات کرنے سے گریز کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یونان اور ترکیہ دونوں نیٹو میں شامل ہیں۔ ہم نیٹو میں ٹاپ 5 میں ہیں۔ ہم اپنی طاقت اور زمینی افواج کے ساتھ ایک اہم پوزیشن پر ہیں۔ نیٹو میں ترکیہ اور یونان کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ امریکہ کیلئے اس طرح کے بھاری بھرکم ہتھیاروں، گاڑیوں اور آلات کو جزائر پر بھیجنا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہامریکہ سے ہماری توقع یہ ہے کہ وہ یونان کے بارے میں غلط اندازہ نہیں لگائے گا اور عالمی رائے عامہ سے ہیرا پھیری کی اجازت نہیں دے گا۔ ہم نے اپنی وزارت خارجہ کے ذریعے امریکہ اور یونان کو ضروری انتباہ دیا ہے۔ ہم نے اقوام متحدہ کو17 ستمبر کو یونان سے متعلق اپنا آخری مراسلہ روانہ کردیا ہے۔