امریکہ کیخلاف فیس بک ریمارک پر پروفیسر کی ملازمت ختم

   

نیویارک ۔ 13 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی اس وقت اپنے عروج پر ہے اور امریکہ نے یہ دھمکی بھی دی ہے کہ ایران کے 52 مقامات امریکہ کی زد پر ہیں۔ تاہم اس کشیدگی کے دوران امریکہ کے ایک کالج پروفیسر کو ان کی ایک متنازعہ فیس بک پوسٹ پر اپنی ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑگیا ہے جب پروفیسر اشین فانسی نے ایران کو یہ مشورہ دیا تھا کہ وہ بھی امریکہ کے 52 مقامات کی نشاندہی کردے۔ فیس بک کی اس پوسٹ کا خمیازہ پروفیسر کو اپنی ملازمت کی برخواستگی کے روپ میں بھگتنا پڑا جسے انہوںنے ’’صحت مند مذاق پر ایک حملہ ‘‘ قرار دیا ۔ مساچیوسیٹس کے باب سن کالج میں پروفیسر نے مندرجہ بالا ریمارک کیا تھا جو دراصل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اس ٹوئیٹ کا جواب تھا جہاں انہوں نے (ٹرمپ) ایران کے جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران کو انتباہ دیا تھا کہ وہ امریکہ پر حملہ کرنے کی غلطی نہ کرے کیونکہ امریکہ نے ایران کے 52 مقامات کی نشاندہی کر رکھی ہے ۔ پروفیسر فانسی نے کہا تھا کہ امریکہ کی طرح ایران کو بھی امریکہ کے 52 مقامات کی نشاندہی کردینا چاہئے ۔