امریکہ کیلئے ہندوستان کے نئے سفیر آج دستاویزات تقرری پیش کریں گے

   

واشنگٹن ۔ 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کیلئے ہندوستان کے نئے متعینہ سفیر ہرش وردھن شرنگلا جو چہارشنبہ کے روز یہاں پہنچے، توقع ہیکہ 11 جنوری کو صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو اپنے دستاویزات تقرری پیش کریں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ امریکہ میں کسی بھی ملک کے نئے سفیر کیلئے دستاویزات تقرری کی تقریب اتنی عجلت میں منعقد نہیں کی جاتی۔ ماضی میں بھی کئی ممالک کے سفراء کو جن میں ہندوستان بھی شامل ہے، نئے سفراء کو اپنے دستاویزات تقرری پیش کرنے کیلئے ہفتوں تک انتظار کرنا پڑتا تھا۔ دستاویزات تقرری دراصل ایک ایسا مکتوب ہوتا ہے جس میں کسی بھی ملک کے سفیر کی کسی دیگر ملک میں تقرری کی تصدیق کی جاتی ہے جو ایک سربراہ مملکت دوسرے سربراہ مملکت سے مخاطب ہوتے ہوئے کرتا ہے اور اس کے بعد مقررہ سفیر کی میعاد کا سرکاری طور پر آغاز ہوجاتا ہے۔