امریکہ ۔ طالبان مذاکرات : غیرملکی افواج کے انخلاء پر اتفاق

   

دوحہ۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)افغانستان میں 17 سالہ طویل جنگ کے خاتمے کے لیے افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے تازہ دور میں دونوں فریقین نے ‘بڑی کامیابیوں’ کا دعویٰ کیا ہے جبکہ کہا گیا کہ فوجیوں کے انخلا اور انسداد دہشت گردی کو یقینی بنانے کے مسودے پر متفق ہیں۔قطر میں جاری مذاکرات کے خاتمے کے بعد امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ امریکہ اور طالبان کے مذاکرات کاروں کے درمیان تازہ دور ‘حقیقی کامیابیوں’ کے ساتھ ختم ہوا، لیکن فوجیوں کے انخلا کے حوالے سے طریقہ کار پر کوئی معاہدہ طے نہ پاسکا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ٹویٹر’ پر اپنے بیان میں زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ ‘طالبان کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ دوحہ میں ابھی ختم ہوا ہے، امن کی صورت حال بہتر ہوچکی ہے اور یہ واضح ہے کہ تمام فریقین جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ ‘امن کے لیے چار مسائل پر معاہدے کی ضرورت ہے جن میں انسداد دہشت گردی کو یقینی بنانا، فوجیوں کا انخلا، افغانستان کے اندر مذاکرات اور جامع جنگ بندی شامل ہے‘۔