امریکی صدر جوبائیڈن کے قتل کی سازش میں تلگو نوجوان گرفتار

,

   

سائی ورشیت نے وائیٹ ہاؤز میں ٹرک گھسانے کی کوشش کی، بیریکیڈس کو نقصان، ٹرک پر نازی پرچم

حیدرآباد۔/24 مئی، ( سیاست نیوز) امریکی صدر جوبائیڈن کے قتل کا منصوبہ تیار کرنے کے الزام میں ایک تلگو نوجوان کو امریکی پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پیر کے دن مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً 10 بجے ایک نوجوان نے ٹرک کو وائیٹ ہاؤز کے بیریکیڈس سے ٹکرا دیا جس کے نتیجہ میں بیریکیڈس کو نقصان پہنچا۔ پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے ٹرک کو گھیر لیا اور نوجوان کو حراست میں لے لیا۔ ٹرک پر نازی پرچم ملا اور پولیس نے 19 سالہ سائی ورشیت کنڈولا کو گرفتار کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ نوجوان نے پوچھ تاچھ کے دوران اعتراف کیا کہ وہ گذشتہ چھ ماہ سے امریکی صدر پر حملہ کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔ پولیس نے سائی ورشیت کے خلاف غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ، املاک کو تباہ کرنے اور صدر جوبائیڈن کے قتل کی سازش کے تحت مقدمات درج کئے ہیں۔ سوشیل میڈیا میں ٹرک کے بیریکیڈس سے ٹکرانے کا ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگیا اور ہندوستانی اور بین الاقوامی میڈیا میں اس خبر کو اہمیت کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سائی ورشیت امریکہ کی مسوری اسٹیٹ کے چیسٹ فیلڈ علاقہ میں مقیم تھا۔ 2022 میں مارکویٹ سینئر ہائی اسکول سے گریجویشن کی تکمیل کی۔ حال ہی میں مسوری سے واشنگٹن ڈی سی کیلئے روانہ ہوا تھا اور اس نے ٹرک کرایہ پر لے کر وائیٹ ہاوز کے بیریکیڈس کو ٹکر دے دی۔ اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا، اور پولیس نے اسے پہلے بیریکیڈ کے پاس گرفتار کرلیا۔ ٹرک پر پائے جانے والے نازی پرچم سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ نوجوان جرمن نازی نظریہ کا حامی ہے۔ وائیٹ ہاؤز حکام نے منگل کی صبح صدر جوبائیڈن کو اس واقعہ کی اطلاع دی۔ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعہ سائی ورشیت کی مکمل تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ ورشیت کے تلگو نژاد ہونے کا معاملہ یقینی ہے تاہم اس کا تعلق تلنگانہ یا آندھرا پردیش سے ہے اس کی قطعی طور پر توثیق نہیں کی گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق بیریکیڈس کو ٹکر دینے کے بعد یہ نوجوان نازی پرچم کے ساتھ ٹرک کے باہر آیا اور نعرے لگانا شروع کیا۔ پارک پولیس اور سیکریٹ سرویس کے عہدیدار فوری وہاں پہنچ گئے۔ مقامی افراد کے مطابق نوجوان نے صدر بائیڈن کو ہلاک کرنے کے منصوبہ کا اعتراف کیا۔ نوجوان نے اپنے کنٹراکٹ کے ذریعہ اپنے نام پر ہی ٹرک کو کرایہ پر حاصل کیا تھا۔ سیکریٹ سرویس اور میٹرو پولیٹن پولیس کے عہدیداروں نے ٹرک کی تلاشی لی اور بعض اشیاء کو ثبوت کے طور پر تحویل میں لیا جن میں نازی پرچم بھی شامل ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں کہا گیا ہے کہ نوجوان نے جان بوجھ کر سیکوریٹی حصار توڑنے کی کوشش کی ہے۔ ورشیت کے خلاف جو الزامات عائد کئے گئے ان میں ہلاکت کیلئے دھمکی، اغواء یا پھر صدر بائیڈن کو نقصان پہنچانا، نائب صدر یا خاندان کے کسی فرد پر حملہ کی کوشش، غیر مجاز داخلہ جیسے الزامات شامل ہیں۔ وائیٹ ہاؤز کے پریس سکریٹری نے کہا کہ واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا جو باعث اطمینان ہے۔ امریکی سیکریٹ سرویس نے صدر بائیڈن کیلئے خطرہ بننے والے سینکڑوں افراد کے ریکارڈ کا جائزہ لیا لیکن یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آیا ورشیت سیکریٹ سرویس کے راڈار میں تھا یا نہیں۔ کیا سابق میں نوجوان نے صدر بائیڈن کو کوئی دھمکی دی تھی اس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ر