امریکی پابندیاں بین الاقوامی ضابطوں کی خلاف ورزی: چین

   

واشنگٹن ۔9 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) چین نے کہا ہے کہ اس کے افسروں کے ویزا پر امریکی پابندی بین الاقوامی تعلقات کے ضابطوں کی خلاف ورزی ہے اورصوبہ سنکیا نگ میں ایغور مسلمانوں کے مسئلے کا ذکر کرنا اس کے اندورنی معاملات میں مداخلت ہے ۔ یہاں واقع چینی سفارت خانے نے منگل کے روز ٹویٹ کر کے کہا کہ چین کی کئی تنظیموں اور کمپنیوں کو گزشتہ روز بلیک لسٹ میں ڈالنے کے بعد امریکہ نے انسانی حقوق کے بہانے ایک قدم مزید بڑھتے ہوئے آج ہمارے افسروں کے ویزا پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کردیا ۔ امریکہ کا یہ قدم بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی ضابطوں کی سنگین خلاف ورزی ہے اور ہمارے اندرونی معاملات میں دخل کے ساتھ ساتھ ہمارے مفادات کے لئے نقصان دہ بھی ہے ۔ اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ مائیک پامپیو نے چین کے صوبہ سنکیا نگ میں 10 لاکھ سے زائد مسلمانوں کے ساتھ سفاکانہ اور غیر انسانی برتاؤ کرنے اور انہیں زبردستی حراست میں رکھنے کے معاملے میں چین کی حکومت اور کمیونسٹ پارٹی کے افسروں کے خلاف ویزا سے متعلق پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ۔