امیت شاہ کو الزامات ثابت کرنے کا چیلنج : نائیڈو

,

   

امراوتی 22 فبروری ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج بی جے پی صدر امیت شاہ کو چیلنج کیا کہ وہ اس الزام کو ثابت کردکھائیں کہ پلواما حملوں پر انہوں ( نائیڈو ) نے وزیر اعظم نریندر مودی پر شبہ کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان پر یقین کیا تھا ۔ نائیڈو نے بی جے پی قائدین سے کہا کہ وہ ان کے خلاف بے معنی تنقیدوں اور پروپگنڈہ سے گریز کریں۔ انہوںنے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بی جے پی ان کے خلاف ریمارکس سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے ملک سے معذرت کرے ۔ میڈیا کو جاری ایک بیان میں چیف منسٹر نائیڈو نے کہا کہ انہوں نے صرف 2013 کے مودی کے ایک مطالبہ کی یاد دہانی کروائی تھی جب انہوں نے بہار اور کشمیر میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کیلئے اس وقت کے وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ سے استعفی کا مطالبہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے صرف یہ سوال کیا تھا کہ آیا مودی پلواما حملے کی ذمہ داری قبول کرتیے ہوئے خود بھی مستعفی ہوجائیں گے ؟ ۔