امیر پیٹ تا ہائی ٹیک سٹی میٹرو ریل کا افتتاح

,

   

حیدرآباد20مارچ (سیاست ڈاٹ کام )تلنگانہ و آندھراپردیش کے مشترکہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے حیدرآباد میٹرو ریل کے مرحلہ سوم امیر پیٹ تا ہائی ٹیک سٹی کا امیر پیٹ میٹرو اسٹیشن پر بدھ کی صبح جھنڈی دکھاکر افتتاح کیا۔ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے سبب اس پروگرام کوبڑے پیمانہ پر منعقد کرنے سے گریز کرتے ہوئے نہایت ہی سادگی کے ساتھ یہ تقریب منعقد کی گئی۔ 10 کلو میٹر کے حدود میں 9 اسٹیشنس بشمول امیر پیٹ بھی شامل ہیں جس سے ہائی ٹیک سٹی، مادھا پور، گچی باولی،جوبلی ہلز کے ٹریفک والے علاقوں کو شامل کیا گیا ہے ۔ اس علاقہ میں معمول کی ٹرین کی سرگرمیوں کا آغاز 4بجے شام ہوگا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 30 کلو میٹر کے میاں پور تا ناگول کا نومبر 2017 میں افتتاح کیا تھا۔ گذشتہ سال امیر پیٹ تا ایل بی نگر 16 کلو میٹر حیدرآباد میٹرو ریل کارکرد ہوگئی تھی۔ شہر میں حیدرآباد میٹرو ریل فی الحال 46 کلو میٹر کا احاطہ کررہی ہے ۔ اس کے 9 اسٹیشنوں میں ترونی۔ مدھورا نگر اسٹیشن کو خواتین کی جانب سے چلائے جانے والے اسٹیشن کے طور پر ترقی دی گئی ہے اور جلد ہی یہ اسٹیشن خواتین اور بچوں کی ضروریات کی تکمیل کرسکے گا۔ دیگر اسٹیشنس جو اہم دو لیول والے اسٹیشنس ہوتے ہیں کے برخلاف جوبلی ہلز چیک پوسٹ اسٹیشن، سنگل لیول اسٹیشن ہے ۔ ابتداء میں امیر پیٹ۔ ہائی ٹیک سٹی کے درمیان ٹرین کا وقفہ 9 تا 12 منٹ ہوگا۔ حیدرآباد میٹرو ریل کی روٹ نمبر 3 پر امیر پیٹ سے ہائی ٹیک سٹی کے درمیان 10 کلو میٹر طویل میٹرو ریل کا افتتاح کرنے سے مسافرین کے لئے کافی سہولت ہوگئی ہے ۔ 10 کیلو میٹر کے درمیان 9 اسٹیشنس ہیں جس میں امیر پیٹ کا انٹرچینج اسٹیشن بھی شامل ہے ۔