انسانیت کی خدمت کیلئے وقف ہوجائیں

   

نارائن پیٹ میں نئے تقررشدہ کانسٹیبلس کو ایس پی ڈاکٹر ایم چیتنا کا مشورہ

نارائن پیٹ ۔ نارائن پیٹ ضلع کیلئے مجموعی طور پر 93 پولیس کانسٹیبلوں کو جو 9 ماہ کی تربیت حاصل کرنے کے بعد اپنی ڈیوٹی پر رجوع ہونے کیلئے آنے والے مرد و خواتین پولیس اہل کاروں کیلئے ایک استقبالیہ تقریب ضلع پولیس ہیڈکوارٹر پر منعقد ہوئی ۔ جس کی نگرانی ضلع ایس پی نارائن پیٹ شریمتی ڈاکٹر ایم چیتنا ، آئی پی ایس نے کی ۔ اس موقع پر 93 پولیس اہل کاروں کے منجملہ سیول کانسٹیبل مرد 48 خاتون کانسٹیبل 22 کے علاوہ بکتر بند ریزر پولیس کانسٹیبل مرد 20 اور خاتون 3 کو ضلع ایس پی نے تقرری کے احکامات حوالے کئے ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس کو انسانیت کی خدمت کیلئے اپنے آپ کو وقف کرنا چاہئے ۔ اسی طرح تھانے آنے والے ہر شکایت کنندہ کو بلاتفریق مذہب و ملت انسانیت دوست رویہ اختیار کرتے ہوئے ان کی مدد کرنی چاہئے ۔ انہوں نے اس موقع پر نئے تقرر شدہ پولیس کانسٹیبلوں سے ان کے مسائل دریافت کئے ۔ بہت ساروں نے بتایا کہ اس مسابقتی دور میں انہیں کافی محنت و مشقت کے بعد نوکری ملی ہے اور 9 ماہ کی مسلسل ٹریننگ انتھک جاری رکھنا پڑا ۔ بعد ازاں انہیں محکمہ پولیس میں اپنی خدمات انجام دینے کا موقع ملا ہے ۔ ضلع ایس پی نے انہیں بحیثیت پولیس میں خدمات پر ماموری پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ فرض شناسی اور محنت و لگن سے اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے اپنے والدین اور محکمہ پولیس کا نام روشن کریں ۔ اس تقریب میں اڈیشنل ایس پی مسٹر بھرت کمار ، آر آئی مسٹر کرشنیا اور سوپرنٹنڈنٹ مسٹر بالاراجو و دیگر اعلی پولیس عہدیدار موجود تھے ۔