انٹر فرسٹ ایئر امتحانات کے شیڈول کی عنقریب اجرائی

   

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی تجاویز پر مشتمل رپورٹ پیش، حکومت کی منظوری کا انتظار

حیدرآباد۔14 ۔ستمبر (سیاست نیوز) انٹرمیڈیٹ فرسٹ کے سالانہ امتحانات کے انعقاد کے لئے ایک دو دن میں فیصلہ ہونے کا قوی امکان ہے۔ اس سلسلہ میں بورڈ اف انٹرمیڈیٹ عہدیداروں کی جانب سے تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ رپورٹ تیار کر کے حکومت کو روانہ کردی گئی ہے ۔ حکومت کی جانب سے منظوری حاصل ہوتے ہی ایک دو دن میں امتحانات کا شیڈول جاری کرنے کیلئے ساری تیاریاں کرلی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ کورونا بحران کی وجہ سے تلنگانہ حکومت نے گزشتہ سال انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر کے طلبہ کو بغیر امتحانات کے سیکنڈ ایئر میں پروموٹ کردیا تھا ۔ فی الحال جاریہ تعلیمی سال تمام طلبہ سیکنڈ ایئر کے کلاسیس میں حاضر ہورہے ہیں تاہم ان کے پاس انٹر فرسٹ ایئر کے میمو مارکس نہیں ہے ۔ صرف انہیں پروموٹ کیا گیا ہے ۔ اس طرح امتحانات کے بغیر اس سال بھی انٹر میڈیٹ سیکنڈ ایئر کے طلبہ کو بھی پروموٹ کیا جاتا ہے تو انہیں مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ اس لئے انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر کے امتحانات منعقد کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ بورڈ اف انٹرمیڈیٹ کے عہدیداروں نے چند تجاویز تیارکرتے ہوئے حکومت کو روانہ کی ہیں ۔ توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ ماہ اکتوبر میں انٹر فرسٹ ایئر کے سالانہ امتحانات منعقد کئے جائیں گے۔ N