انیل امبانی کو کروڑوں اور کسان کو محض 3.5 روپئے

,

   

دو کروڑ ملازمتیں ، کھاتوں میں 15 لاکھ روپئے ندارد‘ کانگریس کو اقتدار پر غریبوں کو اقل ترین آمدنی کی ضمانت : راہول
جگدلپور ۔ 16 فبرو ری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ (مودی حکومت) اگرچہ انیل امبانی اور وجئے ملیا جیسے صنعتکاروں کو کروڑوں روپئے دیتی ہے لیکن اس نے کسانوں کو صرف یومیہ 3.50 روپئے دینے کا وعدہ کی ہے ۔ راہول گاندھی چھتیس گڑھ میں قبائیلیوں کے کنونشن سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ’ انیل امبانی ‘ نیرو مودی ، میہول چوکسی ، وجئے مالیا اور للت مودی جیسے افر اد کو کروڑوں روپئے دیئے گئے ہیں لیکن کسانوں کو صرف یومیہ 3.5 روپئے ملیں گے۔ ‘ وہ دراصل مرکز کی طرف معلنہ پردھان منتری کسان سمان ندھی اسکیم کا حوالہ دے رہے تھے جس کے تحت پانچ ایکڑ سے کم اراضی پر کاشت کرنے والے کسانوں کو سالانہ 6000 ہزار روپئے کی راست نقد امداد حاصل ہوگی ۔ گاندھی نے کہا کہ کسانوں کو سالانہ 600 روپئے امداد دینے کیلئے جب مرکزی بجٹ میں اعلان کیا جارہا تھا ۔ بی جے پی ارکان میزیں تھپتھپارہے تھے ‘ انہوں نے سوال کیا کہ ’ کیا یہ مذاق یا لطیفہ ہے ‘ راہول گاندھی نے وعدہ کیا کہ 2019ء کے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو اگر اقتدار دیا جائے گا تو غریبوں کو اقل ترین آمدنی کی ضمانت دی جائے گی اور ان کے بینک کھاتوں میں راست طور پر رقم جمع کروائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ دو کروڑ ملازمتوں کی فراہمی اور ہر ہندوستانی کے کھاتے میں 15 لاکھ روپئے منتقل کرنے کیلئے مودی کی طرف سے کئے گئے وعدوں پر عمل آو ری نہیں ہوئی ہے ۔ گاندھی نے کہا کہ ’ نوٹ بندی کے سبب آپ طویل قطاروں میں کھڑے رہنا پڑا ۔ یہ اگر کالے دھن کے خلاف لڑائی تھی تو پھر دیانتدار لوگوں کو قطاروں میں کیوں کھڑا ہونا پڑا ۔ ‘ راہول نے کہا کہ عوام سے رقم چھین کر صنعتکاروں کو دیئے گئے کئی لاکھ کروڑ روپئے کے قرض معاف کردیئے گئے ۔