آسان تجارت : ہندوستان کو50سرکردہ ممالک میں شامل کرنیکا عہد

,

   

چار سال میں 263 ارب ڈالر کی راست بیرونی سرمایہ کاری کا دعویٰ، وائبرنٹ گجرات سمٹ سے مودی کا خطاب

گاندھی نگر 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کو کہاکہ ’ہندوستان نے ’تجارت و کاروبار میں آسانی‘ کے زمرہ میں آئندہ سال دنیا کے 50 سرکردہ ممالک کی فہرست میں اپنا مقام بنانے کا حدف مقرر کیا ہے۔ مودی نے کہاکہ ’تجارت و کاروبار میں آسانی‘ سے متعلق عالمی بینک کی رینکنگس میں ہندوستان 75 پائیدانوں کی حیرت انگیز طور پر غیرمعمولی اونچی چھلانگ لگاتے ہوئے اب اس فہرست میں 77 ویں مقام پر پہونچ گیا ہے۔ وزیراعظم نے 9 ویں وائبرینٹ گجرات عالمی چوٹی کانفرنس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’مَیں اپنی ٹیم کو مزید محنت و جانفشانی سے کام کرنے کی تائید کرچکا ہوں تاکہ ہندوستان آئندہ سال اس فہرست کے 50 سرکردہ ممالک میں شامل ہوسکے۔ مَیں چاہتا ہوں کہ اس عمل میں ہمارے ضوابط اور قواعد دنیا بھر میں بہترین تصور کئے جائیں۔ ہمیں یہاں کئے جانے والے کاروبار و تجارت کو ارزاں بھی بنانا چاہئے‘۔ مودی نے کہاکہ اُن کی حکومت ملک کو اپنی پوشیدہ صلاحیتوں سے مانع رکھنے والی رکاوٹوں کو ہٹانے کی کوشش کررہی ہے۔ اس کے ساتھ قواعد کو کم کرنے کے علاوہ مزید اصلاحات کا عمل بدستور جاری رکھا جائے گا۔

اُنھوں نے کہاکہ گڈس اینڈ سرویسیس ٹیکس (جی ایس ٹی) پر عمل آوری اور ٹیکسوں کو آسان بنانے کے سبب کاروباری معاملتوں کے مصارف میں کمی ہوتی ہے اور معاملتیں مزید مؤثر ہوتی ہیں۔ دنیا بھر کے سرکردہ سیاسی و تجارتی قائدین کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے مزید کہاکہ ہندوستانی انتظامیہ نے اصلاحات، کارکردگی، تبدیلی اور مزید بہتر کارکردگی کے منتر کے ذریعہ حکومت کے عمل و دخل میں کمی اور مؤثر حکمرانی میں اضافہ کے لئے اقدامات کئے ہیں۔ مودی نے کہاکہ ان کی حکومت برسر اقتدار آنے کے بعد گزشتہ چار سال کے دوران جہت اور تیز رفتاری کے اعتبار سے کئی نمایاں تبدیلی واضح طور پر نظر آرہی ہیں۔ مودی نے کہاکہ ان کی حکومت کی پالیسیوں سے گزشتہ چار سال کے دوران ملک میں 263 ارب امریکی ڈالر کی راست بیرونی سرمایہ کاری حاصل کرنے میں مدد ملی ہے۔ اس کانفرنس میں ریلائنس انڈسٹریز کے سربراہ مکیش امبانی نے مستقبل میں تین لاکھ کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ گجرات کے صنعت کاکر ادانی نے آئندہ پانچ سال کے دوران گجرات میں 55000 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا۔
یوپی میں ٹرین نے 25 گائیوں کو روند دیا
بانڈہ 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں ضلع حمیرپور کے راگول ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک ٹرین 25 گائیوں کو روندتی ہوئی گزر گئی۔ رال حمیر پور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ہیمراج مینا نے کہاکہ ’یہ گائیں پٹریوں پر مردہ پائی گئیں جنھیں قریبی کھیت میں دفن کردیا گیا۔ چند افراد نے الزام لگایا کہ چند افراد دانستہ طور پر اِن گائیوں پر پٹریوں پر کھڑا کئے تھے۔ جس کے بعد اس علاقہ میں پولیس تعینات کردی گئی۔