اپالو کی چاند پر لینڈنگ کے 50 سال کی تکمیل پر تقاریب

,

   

امریکی قونصل خانہ کا طلبہ کیلئے دو روزہ خلائی و سائنسی ورکشاپ
حیدرآباد۔21 جولائی (سیاست نیوز) اپالو 11 کی چاند پر لینڈنگ کے 50 ویں سالانہ یادگار تقاریب کے ضمن میں امریکی قونصل خانہ حیدرآباد نے امریکہ۔ ہند تعلیمی فاؤنڈیشن کے تعاون سے اس شہر میں طلبہ کیلئے خلاء اور سائنس پر 20 اور 21 جولائی کو دو روزہ ورکشاپ کا اہتمام کریں۔ امریکی قونصل خانہ کے ترجمان آکاش سوری نے کہا کہ ’خلائی تحقیق کے معاملہ میں یہ ایک اہم وقت ہے، ایک طرف امریکی چاند پر انسانی قدم رکھنے کی 50 ویں سالانہ یادگار تقاریب منا رہا ہے تو دوسری طرف ہندوستان چاند پر پہونچنے کیلئے خود اپنے خلائی سفر میں ایک سنگ میل کے دہانے پر پہونچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے جواں سال طلبہ میں خلائی تحقیق سے دلچسپی پیدا کرنے کیلئے یہ ورکشاپ منعقد کیا گیا جس میں کم مراعات یافتہ طبقات کے تقریباً 100 طلبہ نے حصہ لیا۔ امریکی وزارت خارجہ تعلیمی تبادلہ کے پروگرام سے فارغ التحصیل اور مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی (مانو) کی آیسٹرو فزیسٹ ڈاکٹر پریہ حسن اور مانو میں صدر شعبہ ریاضی ڈاکٹر نجم حسن نے ورکشاپ کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ واضح رہے کہ 16 جولائی 1969ء کو امریکی خلاء نوردوں نیل آرمسٹرانگ، بزآلڈان اور مائیکل کولنس نے فلوریڈا میں ناسا کے کنیڈی خلائی مرکز سے چاند کیلئے سفر کا آغاز کرتے ہوئے ایک تاریخ بنائی تھی جس کے چار دن بعد کولنس چاند کے مدار میں پہونچے تھے۔ آرمسٹرانگ اور آلڈرن اپالو 11 کے قمری ماڈیول وہیکل کے ذریعہ چاند پر پہونچے تھے۔ اس طرح قمری سطح پر قدم رکھنے والے پہلے انسان بن گئے تھے۔