اڈانی معاملہ:اپوزیشن کا گاندھی جی کے مجسمہ کے سامنے احتجاج

,

   

نئی دہلی : اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں گاندھی جی کے مجسمے کے سامنے دھرنا دیا اور اڈانی کے خلاف الزامات کی جانچ کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا مطالبہ کیا۔ کانگریس کی قیادت میں حزب اختلاف کی بیشتر جماعتوں کے ارکان نے بڑی تعداد میں پارلیمنٹ ہاؤس احاطے میں گاندھی کے مجسمہ کے سامنے دھرنا دیا اور اڈانی گروپ کے خلاف الزامات کی تحقیقات کے لیے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کیا۔ تمام جماعتوں کے ارکان اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز لے کر اس کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ کچھ اراکین پارلیمنٹ ہاتھوں میں ڈفلی لے کر بجارہے تھے اور ‘ہمیں جے پی سی چاہیے ‘ کے نعرے لگا رہے تھے ۔کانگریس، سماج وادی پارٹی، بائیں بازو کی جماعتوں، عام آدمی پارٹی، ڈی ایم کے ، بھارت راشٹرا سمیتی، نیشنل کانفرنس، شیو سینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے وغیرہ کے لیڈران ان جماعتوں میں شامل تھے جنہوں نے احتجاج کیا۔جمعرات کو اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں انسانی زنجیر بنا کر جے پی سی کے قیام کا مطالبہ کیا، جب کہ بدھ کو انہوں نے اسی معاملے میں پارلیمنٹ ہاؤس سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ تک پیدل مارچ شروع کیا، حالانکہ پولیس نے انہیں وجے چوک پر روک دیا تھا۔واضح رہے کہ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے کے پہلے دن سے ہی حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے درمیان ہاتھا پائی جاری ہے جس کی وجہ سے پارلیمنٹ کا کام پورے ہفتہ تک ٹھپ رہا۔