اڈانی کی نجی بندرگاہ پر 3000 کیلو ہیروئن ضبط

,

   

وزیراعظم اوروزیرداخلہ کی خاموشی پرکانگریس کا سوال، حکومت کی سازبازکا الزام

نئی دہلی: کانگریس کے قومی ترجمان پون کھیرا نے آج ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ ہفتے گجرات کے منڈرا پورٹ پر تین ہزار کلو ہیروئن پکڑی گئی ہے جس کی سرکاری قیمت 9 ہزار کروڑ ہے جبکہ اس کی مارکیٹ قیمت 21 ہزار کروڑ روپے ہے۔ اتنی بڑی مقدار میں منشیات کی ضبطی کے باوجود اس موضوع پر گجرات سے آنے والے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی خاموشی چونکا دینے والی ہے۔ کانگریس نے مرکزی حکومت پر کئی الزامات لگائے۔کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ کیا وجہ ہے کہ مرکزی حکومت نے گزشتہ 18 ماہ میں نارکوٹکس بیورو کا کل وقتی ڈائریکٹر جنرل مقرر نہیں کیا۔ حکمران جماعت نے اس شعبے کو اپنی خوردہ سیاست کا حصہ بنالیا ہے؟۔پون کھیرا نے الزام لگایا کہ پچھلے کچھ سالوں میں منشیات کی اسمگلنگ گجرات سے نکلنے کا واحد آسان راستہ کیوں تلاش کررہی ہے۔ کانگریس نے کہا کہ گجرات کی بندرگاہ جہاں 3 ہزار کلو ہیروئن پکڑی گئی ہے وہ اڈانی گروپ کے ضلع بھوج کی منڈرا بندرگاہ ہے۔ یہ بڑی تشویش کی بات ہے کہ اتنی بڑی مقدار میں ہیروئن اسی ریاست کی ایک نجی بندرگاہ سے موصول ہو رہی ہے جہاں سے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ آتے ہیں۔حکومت پر سوال اٹھاتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ چند گرام ہیروئن ملنے کے بعد حکومت پوری فلم انڈسٹری کو بدنام کرنا شروع کردیتی ہے، لیکن تین ہزار کلو ہیروئن ملنے کے بعد بھی کہیں بحث کیوں نہیں ہوتی۔ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ اڈانی کے منڈرا پورٹ سے اس استحصال پر خاموش کیوں ہیں؟۔کانگریس نے الزام لگایا کہ یہ ملک کے نوجوانوں کو نشے میں دھکیلنے کی ایک منصوبہ بند کوشش ہے، یہ ملک پر دہرا حملہ ہے۔