اڈانی ۔ مودی رشتوں کے بے نقاب ہونے کے خوف سے راہول کیخلاف کارروائی

,

   

سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا اشوک چوان کا الزام، کانگریس خوفزدہ نہیں،حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب

حیدرآباد۔/28 مارچ، ( سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا اشوک چوان نے الزام عائد کیا کہ اڈانی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے روابط کو بے نقاب ہونے سے بچانے کیلئے سازش کے طور پر راہول گاندھی کی لوک سبھا رکنیت ختم کرتے ہوئے انہیں نااہل قراردیا گیا ہے۔ حیدرآباد میں اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر اور دیگر قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اشوک چوان نے کہاکہ کانگریس پارٹی راہول گاندھی کے خلاف کارروائی سے خوفزدہ نہیں ہوگی بلکہ ملک گیر سطح پر عوام کو مودی۔ اڈانی رشتوں سے واقف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اڈانی کے اداروں میں 20 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کے بارے میں لوک سبھا میں راہول گاندھی کے سوالات سے حکومت خوفزدہ ہے۔ وزیراعظم جواب دینے کے موقف میں نہیں ہیں لہذا ایک سازش کے تحت سورت کی ایک عدالت میں ہتک عزت معاملہ کی سماعت تیز کرتے ہوئے دو سال کی سزا کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا میں راہول گاندھی کی تقریر کے 9 دن بعد مقدمہ پر حکم التواء ختم کیا گیا اور جج نے تیزی سے فیصلہ سنادیا۔ انہوں نے کہا کہ دراصل مودی نہیں چاہتے کہ اڈانی سے ان کے رشتے بے نقاب ہوں۔ اشوک چوان نے حیرت کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم اور ساری بی جے پی قیادت اڈانی کو بچانے کی کوشش کررہی ہے اور انہیں سرکاری اداروں کی تباہی کی کوئی فکر نہیں۔ بی جے پی سے سوال کرنے والے قائدین کے خلاف سی بی آئی، انکم ٹیکس اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کا استعمال کیا جارہا ہے۔ اشوک چوان نے کہا کہ نفرت کے خاتمہ کیلئے کنیا کماری سے کشمیر تک بھارت جوڑو یاترا سے راہول گاندھی کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے جس سے بی جے پی خوفزدہ ہے۔ لوک سبھا کی رکنیت ختم کرنے پر کانگریس اپنی جدوجہد ترک نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اڈانی معاملہ کو عوام تک پہنچایا جائے گا اور نریندر مودی حکومت کی اصلیت عوام کے سامنے پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی پوری طرح راہول گاندھی کے ساتھ ہے۔ راہول گاندھی کے خلاف کارروائی سے ملک میں اپوزیشن اتحاد کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ اشوک چوان نے کہا کہ اپریل 2019 کے مقدمہ کی کارروائی پر حکم التواء حاصل کرنا اور پھر لوک سبھا میں راہول گاندھی کی تقریر کے بعد اچانک مقدمہ کی کارروائی کا آغاز اور فیصلہ یہ تمام ایک سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے۔ مودی اور اڈانی کے رشتوں سے عوام واقف ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتقامی کارروائی کے جذبہ کے تحت راہول گاندھی کو مکان تخلیہ کی نوٹس دی گئی ہے۔ کانگریس گھر گھر جاکر مودی اور اڈانی معاملہ کی تفصیلات سے عوام کو واقف کرائے گی۔ر