اکھیلیش یادو اعظم گڑھ سے انتخاب لڑیں گے ۔ اعظم خان رامپور سے امیدوار

,

   

لکھنو 24 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) سماجوادی پارٹی نے آج اعلان کیا کہ اس کے صدر اکھیلیش یادو لوک سبھا انتخابات میں اعظم گڑھ حلقہ سے مقابلہ کرینگے جس کی نمائندگی فی الحال ان کے والد ملائم سنگھ یادو کرتے ہیں۔ اس بار ملائم سنگھ یادو کو مین پوری حلقہ سے ٹکٹ دیا گیا ہے ۔ پارٹی نے اب تک ریاست میں 20 لوک سبھا امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے ۔ اس نے اپنے سینئر لیڈر اعظم خان کو رامپور سے امیدوار بنایا ہے ۔ سماجوادی پارٹی نے یو پی میں اب تک 19 امیدواروں کا اور مدھیہ پردیش میں ایک امیدوار کا اعلان کیا ہے ۔ 79 سالہ ملائم سنگھ یادو کیلئے اس بار مین پوری کا محفوظ حلقہ رکھا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں سماجوادی پارٹی نے اپنے اسٹار کمپینرس کی فہرست میں بھی ملائم سنگھ یادو کا نام شامل کردیا ہے جبکہ کل یہ نام شامل نہیں کیا گیا تھا ۔ ملائم سنگھ یادو کے نام شامل نہ رہنے پر سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی تھی اور چیف منسٹر یو پی آدتیہ ناتھ نے اسے حیران کن قرار دیا تھا ۔ ملائم سنگھ یادو کے بھائی شیوپال یادو نے بھی اس پر اپنے رد عمل میں کہا تھا کہ پارٹی میں ملائم سنگھ یادو کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ پارٹی نے اپنے 40 اسٹار کمپینرس کی فہرست الیکشن کمیشن کو روانہ کی تھی جس میں ملائم سنگھ یادو کا نام شامل نہیں تھا تاہم پارٹی نے آج اس فہرست پر نظر ثانی کی اور سر فہرست ملائم سنگھ یادو کا نام شامل کیا ہے ۔ اس فہرست میں ملائم کے علاوہ اکھیلیش یادو ‘ اعظم خان ‘ ڈمپل یادو اور جیہ بچن کے نام بھی شامل ہیں۔ اس فہرست پر سینئر لیڈر رام گوپال یادو کی دستخط ہے اور اس فہرست میں ان کا نام بھی شامل ہے ۔ ریاست میں سماجوادی پارٹی کی جانب سے مختلف حلقوں کیلئے اپنے امیدواروں کا وقفہ وقفہ سے اعلان کیا جا رہا ہے ۔ اکھیلیش یادو کی شریک حیات ڈمپل یادو قنوج سے دوسری مرتبہ کی رکن پارلیمنٹ ہیں اور انہیں تیسری بار بھی اسی حلقہ سے ٹکٹ دیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ اکھیلیش کے رشتہ داروں دھرمیندر یادو اور اکشے یادو کے ناموں کا بھی اعلان کردیا گیا ہے ۔ دھرمیندر بدایون سے مقابلہ کرینگے ۔