اہم خبر: حوثی باغیوں نے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون سے حملے کو روکنے کا کیا اعلان

,

   

مملکت سعودی عرب میں آرامکو کے دو پلانٹ پر حملہ کے بعد سعودی عرب -امریکہ اور ایران کے بیچ بڑھتی کشیدگی کے درمیان یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملے روکنے کا اعلان کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملہ روکنے کا اعلان کیا ہے۔ حملے بند کرنے کا اعلان حوثی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سعودی عرب پر اب ڈرون، بیلسٹک میزائل و دیگر ہتھیاروں سے حملے نہیں کریں گے۔

حوثی سربراہ مہدی المشاط نے امید ظاہر کی کہ سعودی عرب ان کی اس خیر سگالی کا مثبت جواب دے گا اور اگر ان کے اس اقدام پر مثبت ردعمل نہ آیا تو جواب دینے کا حق رکھتے ہیں۔ حوثی رہنما کا کہنا تھا کہ یمن جنگ کے تسلسل سے کسی بھی فریق کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، جنگ کا تسلسل خطرناک پیش رفت کا باعث بن سکتا ہے تاہم جنگ بندی کا بڑا مقصد جانوں کا تحفظ اور عام معافی حاصل کرنا ہے۔

مہدی المشاط نے کہا کہ امن کی کوشش کا مقصد سنجیدہ مذاکرات سے قومی مفاہمت کا حصول ہے۔ کسی فریق کو قومی مفاہمتی عمل سے باہر نہ رکھا جائے اور صنعا ایئرپورٹ کھولا جائے اور الحدیدہ بندرگاہ تک رسائی دی جائے۔ دوسری جانب سعودی عرب کی جانب سے ابھی تک کوئی رد عمل نہیں آیا ہے۔