اے ٹی ایم سے نقد رقم کا سرقہ کرنے کی کوشش ، دو سارقین گرفتار

   

ملزمین سے موٹر سائیکل ، موبائیل فونس ضبط، جوائنٹ کمشنر اے آر سرینواس کا بیان
حیدرآباد۔/7 نومبر، ( سیاست نیوز) کنارا بینک اے ٹی ایم سے نقد رقم کا سرقہ کرنے کی کوشش کرنے والے دو سارقین کو آصف نگر پولیس نے گرفتار کرلیا۔ جوائنٹکمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر اے آر سرینواس نے کہاکہ 29 سالہ خالد کمال احمد ساکن فرسٹ لانسر اور اس کا ساتھی 31 سالہ محمد ریاض ساکن وجئے نگر کالونی نے 2 نومبر کی شب آصف نگر علاقہ میں واقع کنارا بینک اے ٹی ایم میں داخل ہوکر مشین کو نقصان پہنچایا اور نقد رقم کا سرقہ کرنے کی کوشش کی۔4 نومبر کو وہاں کی ایک جاروب کش لکشمی نے اے ٹی ایم مشین کو متاثرہ حالت میں پایا اور بینک منیجر ایم وجئے کمار کو اس بات کی اطلاع دی گئی۔ مذکورہ سارقین نے اے ٹی ایم مشین کو نقصان پہنچانے کے علاوہ ڈیجیٹل سیکورٹی لاک اور سی سی کیمروں سے بھی چھیڑ چھاڑ کی۔ پولیس آصف نگر نے اس ضمن میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کا تفصیلی تجزیہ کرنے کے بعد خالد کمال احمد اور محمد ریاض کی شناخت کی اور انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ تفتیش کے دوران گرفتار افراد نے اقبال جرم کیا۔ مسٹر سرینواس نے کہا کہ مذکورہ سارقین پُرتعیش زندگی گذارنے کے عادی ہیں انہوں نے سیکورٹی گارڈ کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے روپئے حاصل کرنے کی غرض سے اے ٹی ایم مشین کو نشانہ بنایا۔ گرفتار شدہ افراد کے قبضہ سے ایک موٹر سیکل اور تین مسروقہ موبائیل فونس ضبط کرلئے۔