بابری مسجد شہادت کی برسی ‘ آج یوم سیاہ

,

   

پولیس کے وسیع تر انتظامات ۔ جلسوں اور ریلیوں پر پابندی
حیدرآباد۔/5 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) یوم سیاہ 6 ڈسمبر کے پیش نظر دونوں شہروں میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے جارہے ہیں۔ بابری مسجد کی شہادت 27 ویں برسی کے پیش نظر پولیس چوکسی اختیار کئے ہوئے ہے۔ اس سلسلہ میں پولیس نے صدر وحدت اسلامی مولانا محمد نصیر الدین اور صدر درسگاہ جہاد و شہادت ایم اے ماجد کو ان کے مکانات پر نظر بند کردیا ہے اور ان کے گھر کے پاس پولیس فورس تعینات کردی گئی ہے۔ بابری مسجد شہادت کی برسی اور جمعہ کے پیش نظر پرانے شہر میں پولیس نے آج چارمینار میں فلیگ مارچ کیا۔ کمشنر پولیس نے کل دونوں شہروں میں دفعہ 144 امتناعی احکام نافذ کردیئے اور عام جلسوں، ریلیوں و احتجاج پر پابندی عائد کردی ہے۔ یوم سیاہ کے ضمن میں صدر ایم بی ٹی جناب مجید اللہ خان فرحت کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں 6 ڈسمبر کو بابری مسجد کی شہادت کی یاد میں ضمیر کی آواز پر بند منانے کی اپیل کی گئی ۔ مجلس بچاؤ تحریک قائدین نے مسلم تاجرین سے اپیل کی کہ وہ اپنے کاروبار بند رکھیں۔اسی دوران ایم بی ٹی نے مساجد انتظامی کمیٹیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بعد نماز جمعہ بابری مسجد کی بازیابی کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔