بارگاہ رب العزت میں صبر و انکساری کی تلقین ، عازمین حج کو تمام بہتر سہولتیں فراہم

   

تربیتی اجتماع سے صدرنشین ریاستی حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان و مولانا قاضی سید شاہ اعظم علی صوفی قادری کا خطاب
حیدرآباد ۔ /16 جون (پریس نوٹ) عازمین حج کو بارگاہ رب العزت میں حاضر ہونے کے لئے عاجزی و انکساری کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد مسیح اللہ خان نے آج اتوار /16 جون کو جامع مسجد صحیفہ اعظم پورہ میں مرکزی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ عازمین حج کو حکومت تلنگانہ اور تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی تمام سہولتیں فراہم کرے گی اور ہر اتوار کو تربیتی اجتماع منعقد ہوگا جس میں عازمین حج کو سفر حج سے متعلق تفصیلات بیان کئے جائیں گے ۔ انہوں نے منتخب عازمین حج سے گزارش کی کہ جن عازمین نے اپنے حج کی بقیہ رقم جمع نہیں کی وہ /20 جون یا اس سے قبل رقم جمع کروادیں ۔ انہوں نے خانگی ٹراویلس کی جانب سے بیجا رقومات حاصل کرنے والوں سے ہوشیار رہنے کی درخواست کی اور ٹیکہ اندازی آئندہ ماہ میں شروع کرنے کا اعلان کیا اور انہوں نے عازمین حج سے خادم الحجاج کا تعارف کرایا اور ان سے استفادہ کرنے کی ترغیب دی ۔ انہوں نے عازمین حج سے اپیل کی کہ انہیں کسی قسم کی دشواری پیش ہو تو حج کمیٹی کی ویب سائیٹ www.telanganastatehajcommittee.com سے حج کمیٹی کے اسٹاف سے معلومات حاصل کرسکتے ہیں ۔ اس موقع پر انہوں نے حج گائیڈ کا افتتاح کیا ۔ اس تربیتی اجتماع کا آغاز مولانا قاری شاہ محمد مسعود احمد رضوی کی قرأت کلام پاک سے ہوا ۔ محمد منیرالدین صوفیانی ، ڈاکٹر محمد علی فاروقی صوفیانی اور محمد نذر صوفیانی نے نعت شریف پیش کی ۔ مولانا قاضی سید شاہ اعظم علی صوفی قادری ، صدر کل ہند جمعیت المشائخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک حاجی کا یونیفارم دو چادروں پر مشتمل احرام ہوتا ہے لیکن اس یونیفارم کے پیچھے بے شمار مصلحتیں و حکمتیں پوشیدہ ہیں جن میں سب سے زیادہ نمایاں یہ کہ بارگاہ رب العزت میں حاضر ہونے کے لئے عجز و انکساری کا مظاہرہ کرنا ہے اور دوسرا یہ کہ انسان کو اس کی موت کی یاد دلانا ہے ۔ احرام کے علاوہ طواف کعبہ عمرہ کے فرائض ہیں و نیز صفاء و مروہ کے بیچ سعی اور حجامت کرنا عمرہ کے واجبات ہیں ۔ عازمین حج کو مناسک حج کی ادائیگی کے تمام مسائل سے واقفیت حاصل کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حج کے دوران فسخ و فجور اور لڑائی جھگڑے سے اپنے آپ کو باز رکھنا چاہئیے ۔ مولانا قاضی سید شاہ اعظم علی صوفی قادری نے اپنے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جہاں حج کرنے کے لئے بے شمار فضائل ہیں جیسے حدیث مبارک میں آیا ہے کہ ایک مومن خشوع و خضوع کے ساتھ بغیر کسی جھگڑے و فسخ و فجور سے باز رہتے ہوئے حج ادا کرتا ہے تو وہ گناہوں سے دھل کر ایسا پاک و صاف ہوجاتا ہے جیسے ابھی ماں کے پیٹ سے پیدا ہوا ہو ۔ مولانا بندگی بادشاہ ریاض قادری ، نے کہا کہ عازمین حج سفر حج سے قبل خوب پیدل چلنے کی عادت ڈالیں۔ مولانا سید مصطفی سعید قادری نے کہا کہ مدینہ منورہ کو روضہؐ پر حاضری کی نیت سے سفر کریں ۔ نبی کریمؐ نے ارشاد فرمایا جس نے میرے روضہؐ کی زیارت کی اس پر میری شفاعت لازم ہے ۔ اس تربیتی اجتماع سے جناب محمد امجد علی ابو طلحہ ، رکن تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کی اور ان کا خیرمقدم کیا جناب عرفان شریف اسسٹنٹ ایگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کو دی جانے والی تمام تر بہتر سہولتوں کی تفصیلات پر روشنی ڈالی اور رقت انگیز دعا کے ساتھ ساتویں تربیتی اجتماع کا اختتام عمل میں آیا ۔