باکسر عامر سے قیمتی گھڑی چھیننے والوں کا اعتراف جرم

   

لندن : پاکستانی برطانوی باکسر عامر خان سے لندن میں گن پوائنٹ پر ہیرے کی گھڑی چھیننے والے دو ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا۔ 18 اپریل 2022 کو گھڑی چھیننے کی واردات ہوئی، جب 36 سالہ عامر خان اور ان کی اہلیہ فریال مخدوم رات 9 بجے لندن ایسٹ کے ریسٹورنٹ سے باہر نکل رہے تھے کہ ملزمان عامر سے گھڑی چھین کے فرار ہوگئے تھے، اس گھڑی کی مالیت 70 ہزار پاؤنڈ تھی یعنی پاکستانی روپے میں ایک کروڑ 60 لاکھ روپے سے زیادہ بنتی ہے۔ لندن فلائنگ اسکواڈ انویسٹی گیشن نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا پتا لگایا اور 22 جون کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئے۔ معاملہ جب عدالت پہنچا تو ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا۔ اسنارزبروک کراؤن کورٹ نے 20 سالہ ڈینٹے کیمپبل اور 25 سالہ احمد بانا کو مجرم قرار دیا۔ میٹ فلائنگ اسکواڈ کے جاسوس کانسٹیبل اسٹورٹ پونڈر نے کہا کہ ملزمان کی جانب سے منصوبہ بندی کے تحت واردات کی گئی۔ قبل ازیں عامر نے عدالت کو بتایا کہ میں ایک اسپورٹس مین ہوں، ایک فائٹر ہوں، میں نے کئی مشکل حالات کا مقابلہ کیا ہے، لیکن یہ واقعہ مختلف اور خوفناک تھا۔