برطانیہ کا روسی صدر کے وارنٹ گرفتاری کا خیرمقدم

   

لندن : برطانیہ نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے انٹرنیشنل کریمنل کورٹ (آئی سی سی) کی جانب سے جاری ہونے والے وارنٹ گرفتاری کا خیرمقدم کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے کہا ہے کہ پوٹن کو یوکرین میں مبینہ جنگی جرائم کا ذمے دار ٹھہرانے کے آئی سی سی کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ جیمز کلیورلی نے کہا کہ یوکرین میں جنگی جرائم کا مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا، یوکرین میں مبینہ مظالم کی تحقیقات جاری رہنی چاہیے۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کریمنل کورٹ (آئی سی سی) نے یوکرین میں مبینہ جنگی جرائم پر روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔ ہیگ میں قائم عدالت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہیکہ یوکرین کے مقبوضہ علاقوں سے روس میں بچوں کی غیر قانونی منتقلی اور ملک بدری کی وجہ سے پوٹن کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اس بات پر یقین کیلئے ٹھوس وجوہات ہیں کہ پوٹن ان جرائم کے ذمہ دار ہیں۔