برف گولہ فروخت کرنے والے سید علی چاوش پرگتی بھون کے مہمان

,

   

کے ٹی آر کی بچپن کی یادیں تازہ ، اسکول کے دور میں برف کا گولہ کھاتے تھے راما راؤ
٭ چاوش کیلئے مکان اور وظیفہ جاری کرنے کا تیقن
٭ فرزند کو تجارت کا بہترین موقع فراہم کرنے کا بھی وعدہ

حیدرآباد۔ 14 فروری (سیاست نیوز) سوشیل نیٹ ورکنگ سائیٹ سے عوامی مسائل پر ردعمل ظاہر کرنے اور فوری اثر کے ساتھ اقدامات کے لئے مشہور تلنگانہ راشٹرسمیتی کے کارگذار صدر کے ٹی آر نے آج اپنے 30 سالہ قدیم ساتھی سے ملاقات کی۔ ایک شہری کی جانب سے برف گولہ فروخت کرنے والے سید علی المعروف چاوش کو پرگتی بھون آنے کی دعوت دی اور ان کے ساتھ وقت گذارا۔ اسکول کے دور میں کے ٹی آر اکثر چاوش کے برف گولے استعمال کرتے تھے۔ عابڈز گرامر اسکول کے قریب سید علی آج بھی برف گولہ فروخت کرتے ہیں اور اسکولی بچے کافی پسند سے استعمال کرتے ہیں۔ کے ٹی آر کو ٹوئٹر پر پیغام دیا گیا تھا کہ سید علی عرف چاوش آپ سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں تو کے ٹی آر نے فوری انہیں پرگتی بھون آنے کی دعوت دی اور چاوش کو دیکھنے کے بعد وہ ان سے بغلگیر ہوگئے اور بچپن کی یادیں تازہ کی۔ ٹی آر ایس کے کارگذار صدر نے خوشگوار موڈ میں چاوش کے ساتھ وقت گذارا اور اس دوران چاوش سے ان کا حال چال دریافت کیا۔ 70 سالہ سید علی نے کے ٹی آر کے استفسار پر اپنی زندگی کے حالات سے انہیں واقف کروایا اور کہا کہ معاشی حالات کے سبب وہ ابھی برف گولہ فروخت کرتے ہیں۔ سید علی سے بات چیت کے بعد کے ٹی آر نے انہیں مکان اور وظیفہ کا بھروسہ دلایا اور ان کے فرزند کو بہترین کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کا چاوش کو تیقن دیا۔ ساتھ ہی کے ٹی راما راؤ نے متعلقہ محکموں کے عہدیداروں سے رابطہ قائم کرتے ہوئے انہیں سید علی کے لئے مکان اور وظیفہ کی اجرائی کے فوری اقدامات کا حکم دیا۔ کے ٹی آر سے ملاقات کے بعد سید علی نے کافی مسرت کا اظہار کیا اور ان کے ردعمل و پُرخلوص انداز و انسانی ہمدردی کے جذبہ پر انہیں دعائیں دیں۔