بلدی انتخابات میں کانگریس کا بہترین مظاہرہ یقینی : اتم کمارریڈی

,

   

سنگاریڈی 21 ؍جولائی ( سیاست نیوز) ریاست میں بلدی انتخابات کیلئے کانگریس پارٹی کی تیاریوں کا جائزہ لینے تلنگانہ پر دیش کانگریس کمیٹی کا ایک اہم اجلاس آج کیپٹن اتم کمار ریڈی صدر پردیش کانگریس کمیٹی کی زیر صدارت گوکل فنکشن ہال سنگاریڈی میں منعقد ہوا جس میں ریاست تلنگانہ کے تمام 33 اضلاع کے ضلعی صدور کے علاوہ کانگریس پارٹی کے اہم اور سرکردہ قائدین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں اضلاع کے قائدین نے بلدی اور ضلعی سطح پر پارٹی کی تنظیمی حالت ‘ کیڈر و قائدین ‘ بلدی انتخابات کی تیاری ‘حکمت عملی ‘ مقامی مسائل اور دیگر اُمور پر تفصیلی رپورٹ پیش کی اور اس پر غور وخوص بھی کیا گیا ۔ صدر پر دیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ٹی آرایس حکومت اپنے وعدوں کی تکمیل میں بالکلیہ ناکام ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جدید بلدیہ قانون سے عوام کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا ۔چونکہ اس میں عوامی منتخبہ نمائندوں کے اختیارات اور حقوق میں تخفیف کر تے ہوئے کلکٹر اور دیگر سرکاری عہدیداروں کے اختیارات میں اضافہ کیا گیا ۔ بلدیہ قانون کو حکومت نے عجلت میں منظور کروالیا ۔اس قانون میں کئی خامیاں ہیں جس پر وسیع تر مباحثہ کی ضرورت تھی تاہم حکومت نے عجلت کا مظاہر ہ کیا اس طرح حکومت بلدی انتخابات منعقد کرنے میں بھی غیر ضروری عجلت کا مظاہر ہ کر رہی ہے ہائی کورٹ نے بلدی انتخابات کروانے حکومت کو 150 دن کا وقت دیا ۔ لیکن حکومت بلدی انتخابات کو 30 یا 40 دن میں کروانا چا ہتی ہے ۔ ووٹر لسٹ ‘ وارڈس کی تقسیم اور تحفظات جیسے مسائل پر عوامی شکایتوں کو نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔

ان کی یکسوئی کے بعد انتخابات منعقد کرنا چا ہیے۔صدر پر دیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ کانگریس جوڑ توڑ کی سیاست میں یقین نہیں رکھتی کانگریس ہمیشہ سے ہی عوامی آواز رہی ہے ۔اور آئندہ بھی سماج کے ہر طبقہ کی نمائندہ جماعت بن کر کام کریگی ۔ تلنگانہ میں کانگریس مضبوط ہے اور اس کو عوامی اعتماد و حمایت حاصل ہے ۔مجوزہ بلدی انتخابات میں کانگریس پارٹی شاندار مظاہر ہ کر تے ہوئے زبردست کامیابی حاصل کریگی۔ریاستی عوام ٹی آرایس کے جھوٹے وعدوں سے واقف ہو چکے ہیں۔ اور اب کانگریس عوام کی پہلی پسند بن چکی ہے اہوں نے کہا کہ تلنگانہ گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ ہے ۔اور یہاں پر فرقہ پرستی و تعصبیت کی کوئی جگہ نہیں ہے ۔بی جے پی 4 ایم پی نشستیں جیت کر تلنگانہ میں سیاسی طاقت بننے کا خواب دیکھ رہی ہے جو کبھی پورا نہیں ہو گا۔اس اجلاس کو اے آئی سی سی جنرل سیکریٹری و انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا ، سلیم احمد سیکریٹری اے آئی سی سی ،بٹی وکرامارکا ، محمد علی شبیر ، جگا ریڈی، سریدھر بابو، جے گیتا ریڈی، پونالہ لکشمیا، شراون کمار ، جی انیل کمار ، طاہر بن حمدان ، عبید اللہ کوتوال ، ٹی نرسا ریڈی اور دیگر قائدین نے بھی شرکت کی اور خطاب کے دوران پارٹی کو متحد و مضبوط بنانے پر زور دیا۔