بلدی حلقہ اولڈ ملک پیٹ میں کل رائے دہی

,

   

بیالٹ پیپر میں غلطی کے باعث پولنگ ملتوی
سی پی آئی امیدوار کے آگے سی پی آئی ایم کا نشان

حیدرآباد۔ یکم۔ڈسمبر(سیاست نیوز) بلدی حلقہ اولڈ ملک پیٹ میں 3ڈسمبرکو دوبارہ رائے دہی منعقدکی جائے گی ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے دوران رائے دہی کے عمل کے آغاز کے ساتھ ہی بلدی حلقہ اولڈ ملک پیٹ میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی امیدوارفردوس فاطمہ کا امتیازی نشان نہ ہونے کی نشاندہی کی گئی جس کے ساتھ ہی بلدی حلقہ میں بے چینی کی کیفیت پیدا ہوگئی ۔ سی پی آئی امیدوارکی جانب سے بیالٹ پیپر پر ان کے نشان نہ ہونے کی شکایت کے بعد ریٹرننگ آفیسر نے فوری کاروائی کرتے ہوئے بلدی حلقہ قدیم ملک پیٹ کے علاقہ میں رائے دہی کے عمل کو روک دینے کا اعلان کیا اور جی ایچ ایم سی انتخابات کے دوران ہونے استعمال ہونے والی تمام اشیاء کو مہر بند کردینے کی ہدایت دی۔ بعد ازاں تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن اور ضلع الیکشن آفیسر کی جانب سے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے حلقہ میں رائے دہی کو 3 ڈسمبر بروزجمعرات منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں ریاستی الیکشن کمیشن نے احکام جاری کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر اور ضلع الیکشن آفیسر کو تمام تفصیلات سے واقف کروانے کے علاوہ صورتحال کی رپورٹ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ یکم ڈسمبر کی رات دیر گئے تک 3 ڈسمبر کو ہونے والی دوبارہ رائے دہی کیلئے انتخابی عملہ اور اشیاء کی تیاری کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ تفصیلات کے مطابق بلدی حلقہ قدیم ملک پیٹ جہاں جملہ 6 امیدوار میدان انتخاب میں ہیں جن میں بی جے پی ‘ مجلس ‘ ٹی آر ایس‘ سی پی آئی ‘ کانگریس اور ایک آزاد امیدوار شامل ہیں ان کے بیالٹ پیپر پر سی پی آئی امیدوار کے امتیازی نشان کی جگہ سی پی ایم کا امتیازی نشان شائع کئے جانے پر امیدوار نے اعتراض کیا اور کہا کہ ان کی پارٹی کا انتخابی نشان موجود نہ ہونے کے سبب رائے دہندوں میں الجھن پیدا ہورہی ہے اسی لئے رائے دہی کو فوری روک دیا جائے۔ ریٹرننگ آفیسر نے رائے دہی کے عمل کو فوری روکتے ہوئے صورتحال سے ضلع الیکشن آفیسر کو واقف کروایا اور اس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ۔ اولڈ ملک پیٹ بلدی حلقہ میں رائے دہی کے عمل کو ملتوی کردیئے جانے کے اعلان کے ساتھ ہی تمام مراکز رائے دہی کو مقفل کرتے ہوئے ان میں موجود رائے دہی کے دوران استعمال کی جانے والی اشیاء اور بیالٹ باکس وغیرہ کو اسٹرانگ روم منتقل کردیا گیا ۔