بلدی نتائج سے کانگریس کارکنوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں

,

   

اقتدار کے بیجا استعمال کا الزام ، رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی کا بیان
حیدرآباد: کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے نتائج سے کارکنوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی نے اقتدار کا بیجا استعمال کرتے ہوئے فرقہ پرست سیاست کی ہے تاکہ عوام کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرتے ہوئے سیاسی فائدہ حاصل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کیلئے جیت اور ہار کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ کانگریس دور حکومت میں گریٹر حیدرآباد کی ترقی کیلئے کئی قدم اٹھائے گئے تھے ۔ ایک سوال کے جواب میں رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ پردیش کانگریس کی قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ ہائی کمان کرے گا ۔ دوباک اور جی ایچ ایم سی کے انتخابی نتائج کانگریس پارٹی کیلئے عارضی نقصان ہیں۔ آئندہ دو برسوں میں کانگریس پارٹی دوبارہ مستحکم ہوگی اور ریاست میں برسر اقتدار آنا یقینی ہے۔ انہوں نے نئی دہلی میں جاری کسانوں کے احتجاج کی تائید کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں دہلی کی طرح حکومت کے خلاف جدوجہد کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کو نقصانات کی پابجائی میں ناکام ثابت ہوئی ہے ۔ 9 ڈسمبر کو تلنگانہ میں حکومت کی ایل آر ایس اسکیم کے خلاف احتجاج منظم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔