بلقیس بانو معاوضہ،ایک حصہ بچوں کی تعلیم کیلئے وقف

,

   

نئی دہلی’24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)گجرات فسادات کے دوران اجتماعی عصمت دری کا شکار ہوئی بلقیس بانو نے بدھ کو کہا کہ اسے جو پچاس لاکھ روپے کا معاوضہ ملا ہے اس کا ایک حصہ وہ فرقہ وارانہ تشدد کا شکار خواتین کو انصاف دلانے اور ان کے بچوں کی تعلیم کے لئے وقف کریں گی۔بلقیس بانو نے یہاں کھچا کھچ بھرے پریس کانفرنس میں عدالت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسے عدلیہ پر شروع سے ہی بھروسہ تھا۔ انصاف پانے میں سترہ برس لگے لیکن انہوں نے اپنے ضمیر ’ آئین اور عدلیہ پر بھروسہ رکھا۔ انہوں نے مرکزی تفتیشی بیورو کا بھی شکریہ ادا کیا جس نے دوبارہ معاملے کی جانچ کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک عورت کے طورپر وہ دوبارہ اپنی زندگی وقار کے ساتھ جینا چاہتی ہیں اور معاوضہ کی رقم سے وہ ایسا کرپائے گی اور اپنے بچے کو اچھی تعلیم دلاپائے گی۔انہو ں نے کہا کہ وہ معاوضہ کی رقم کا ایک حصہ فرقہ وارانہ تشدد کا شکار خواتین کو انصاف دلانے اور ان کے بچوں کی تعلیم پر خرچ کریں گی۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے گجرات حکومت کو بلقیس بانو کوپچاس لاکھ روپے کا معاوضہ ’ سرکاری ملازمت اور رہائش گاہ فراہم کرنے کا حکم دیا ہے ۔