بوگس رائے دہی روکنے پر مجلسی کارکنوں کا فیروز خاں اور ساتھیوں پر حملہ

,

   

ایک کارکن زخمی ، تین گاڑیوں کو نقصان ،وجئے نگر کالونی اور ریڈ ہلز میں مجلس کی دھاندلیاں

حیدرآباد: انتخابی دھاندلیوں کو روکنے سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر مجلس کے قائدین نے اپنے کارکنوں کے ساتھ نامپلی اسمبلی حلقہ میں کانگریس قائدین پر حملہ کردیا اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا ۔ وجئے نگر کالونی اور ریڈ ہلز ڈیویژنس میں مجلس کی جانب سے بڑے پیمانہ پر بے قاعدگیاں کی جارہی تھیں اور خواتین کے ذریعہ بوگس رائے دہی کا سلسلہ صبح سے جاری تھا جس پر کانگریس کے سینئر قائد فیروز خاں نے رکاوٹ پیدا کردی ۔ انہوں نے پارٹی کے دیگر قائدین عثمان محمد خاں ، محمد راشد خاں ، محمد جنید اور دوسروں کے ہمراہ دونوں ڈیویژنوں کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے مبصرین اور پولیس کو بوگس رائے دہی سے واقف کرایا ۔ کئی مقامات پر مجلسی قائدین کے ساتھ فیروز خاں کی لفظی جھڑپ ہوگئی اور ٹکراؤ کی نوبت آگئی ۔ تاہم پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے تصادم کو روک دیا ۔ دوپہر کے بعد مجلس کی جانب سے بوگس رائے دہی میں شدت پیدا کردی گئی اور مقامی پولیس خاموش تماشائی بنی رہی ۔ فیروز خاں اور ان کے ساتھیوں نے کئی پولنگ بوتھس پر بوگس رائے دہی کو روکنے میں کامیابی حاصل کی جس پر مجلسی قیادت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ۔ منظم طریقہ سے تین مقامات پر فیروز خاں اور ان کے ساتھیوں پر حملہ کیا گیا۔ ہوٹل مرجان ، ریان ہوٹل ملے پلی اور میسکو گریڈ اسکول کے پاس فیروز خاں کے قافلہ پر حملہ کیا گیا ۔ تین فارچیونر گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور ببلو نامی کار ڈرائیور بری طرح زخمی ہوگیا ۔ فیروز خاں کے علاوہ پردیش کانگریس کے آرگنائزنگ سکریٹری عثمان محمد خاں اور وجئے نگر کالونی کی کانگریس امیدوار عنایہ فاطمہ کے شوہر محمد راشد خاں نائب صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی اس حملہ میں بال بال بچ گئے ۔ کانگریس کارکنوں کے جمع ہوتے ہی حملہ آور فرار ہوگئے۔ فیروز خاں نے اس بزدلانہ حملہ کی مذمت کی اور کہا کہ فرید اویسی کی قیادت میں یہ حملہ کیا گیا جو کہ صدر مجلس اسد اویسی کے قریبی رشتہ دار ہیں۔ فیروز خاں نے کہا کہ منصوبہ بند انداز میں فرید اویسی نے راشد خاں کے ڈرائیور ببلو کو نشانہ بناکر زخمی کردیا۔ انہوں نے حملہ آوروں کی نشاندہی کرتے ہوئے پولیس میں تفصلی شکایت درج کرائی ہے۔ فیروز خاں نے کہا کہ آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنانے میں الیکشن کمیشن اور پولیس ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ ہلز اور وجئے نگر کالونی میں کانگریس کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر مجلسی قیادت نے حملہ کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے حقیقی رائے دہندوں کے ساتھ ووٹنگ کی تائید کی تھی جبکہ مجلس کے کارکن دیگر علاقوں سے خواتین کو منتقل کرتے ہوئے بوگس ووٹنگ کروا رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے کانگریس کارکن خوفزدہ نہیں ہوں گے اور جمہوری انداز میں اس کا جواب دیا جائے گا ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ دونوں بلدی ڈیویژنوں میں کانگریس پارٹی کو کامیابی حاصل ہوگی ۔ فیروز خاں نے بتایا کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں کی تفصیلات کے ساتھ الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی جائے گی۔