بھارت بائیوٹیک کا کوویکسین حیدرآباد سے 11شہروں کو بھیجا گیا

,

   

حیدرآباد:کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے ٹیکوں کی تقسیم کاکام تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ پونے کے سیرم انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے کووی شیلڈ ٹیکے منگل کو پونے سے حیدرآباد بھیجے گئے تھے تاہم تازہ طورپر بھارت بائیوٹیک کا کویکسن ٹیکہ کی ریاستوں کو تقسیم کا کام شروع کیاگیا ہے ۔بدھ کی صبح تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد سے قومی دارالحکومت دہلی کو یہ ٹیکے بذریعہ طیارہ بھیجے گئے اور صبح 9بجے یہ ٹیکے دہلی پہنچ گئے ۔دہلی کے بشمول یہ ٹیکے ملک کے 11شہروں کو بھیجے گئے ۔دہلی،پٹنہ،لکھنو،چینئی،جئے پور،بنگالورو،وجئے واڑہ،گوہاٹی،پونے ،کُرکشیتر،بھونیشورکو یہ ٹیکے بھیجے گئے ۔ان میں 38.5لاکھ ڈوز کو مرکز نے خریدا ہے جبکہ تقریبا16.5لاکھ ڈوز بھارت بائیوٹیک نے حکومت کو مفت فراہم کیا ہے ۔ایرانڈیا کے طیارہ اے آئی 559کے ذریعہ بدھ کی صبح 6.40بجے تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد سے یہ ٹیکے قومی دارالحکومت بھیجے گئے جو تقریبا9بجے دن دہلی کے اندراگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچ گئے ۔ایرپورٹ سے ان ٹیکوں کو راجیو گاندھی سوپر اسپیشلٹی اسپتال منتقل کئے گئے ۔ملک بھر میں 16جنوری سے ٹیکہ اندازی کی مہم بڑے پیمانہ پر چلائی جائے گی۔کووی شیلڈ اور کوویکسن کے استعمال کی اجازت دی گئی ہے ۔54.72لاکھ ڈوز ویکسین ریاستوں کو بھیجی گئیں، مرکزی حکومت نے پہلے ہی اعلان کیاہے کہ اس ٹیکہ کے مصارف ریاستیں نہیں بلکہ مرکزی حکومت برداشت کرے گی۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ 16 جنوری کو شروع ہونے والے ٹیکہ اندازی کے پروگرام کو ایک ہفتہ کے اندر ہی مکمل کرلیا جائے گا۔ کورونا کا پہلا ٹیکہ لینے کے 28 دن بعد دوسرا ٹیکہ دیا جائے گا۔ اس طرح 16 فروری سے دوسرا خوراک دیا جائے گا۔ مارچ کے تیسرے ہفتہ تک محکمہ صحت اور فرنٹ لائن ورکرس کو دو مرحلوں میں دو خوراک دے دی جائے گی۔