بھارت جوڑو یاترا میں اداکارہ سورا بھاسکر کی شرکت

,

   

نئی دہلی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور عوامی مسائل پر اکثر آواز اٹھانے والی سورا بھاسکر نے جمعرات کو کانگریس کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے راہول گاندھی کے ساتھ پیدل سفر کیا، جس کی تصاویر منظر عام پر آئی ہیں۔ کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی اس ‘بھارت جوڑو یاترا’ کو 85 دن مکمل ہو گئے ہیں۔ سورا بھاسکر کی موجودگی سے اس یاترا کو مزید مقبولیت حاصل ہونے کی امید ہے۔ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کا قافلہ مدھیہ پردیش کے اْجّین سے گزرا ہے۔ جہاں سورا بھاسکر کو اس ریالی میں راہول گاندھی کے ساتھ قدم سے قدم ملاکر چلتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ راہول گاندھی کے ساتھ سورا بھاسکر کی یہ تصاویر سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنی ہوئی ہیں۔یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کوئی فلم اسٹار کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کا حصہ بنا ہو۔ سورا بھاسکر سے پہلے راہول کی یاترا میں اداکارہ رشمی دیسائی، ریا سین، آکانکشا پوری، پوجا بھٹ اور تجربہ کار اداکار امول پالیکر جیسے کئی فلمی ستارے شرکت کر چکے ہیں۔سابق چیف منسٹر و سینئر کانگریس قائد ہریش راوت بھی یاترا میں شامل ہوئے ۔ ٹاملناڈو کے مقام کنیا کماری سے بھارت جوڑو یاترا کا آغاز ہوا جو تقریباً 12 ریاستوں کا احاطہ کرتے ہوئے کشمیر میں اختتام پذیر ہوگی ۔ یہ یاترا ٹاملناڈو ، کرناٹک ، آندھراپردیش ، تلنگانہ اور مہاراشٹرا سے ہوکر مدھیہ پردیش میں داخل ہوئی ہے ۔

راہول گاندھی کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ اجین سے شروع
اجین : کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی ‘بھارت جوڑو یاترا’ ایک دن کے آرام کے بعد آج اپنے نویں دن اجین ضلع سے مدھیہ پردیش میں اپنی اگلی منزل کے لئے شروع ہوئی۔راہول کی یاترا مقامی آر ڈی میڈیکل کالج سے صبح تقریباً چھ بجے شروع ہوئی۔ یاترا کا اگلا پڑاؤ نذر پور گاؤں تھا، جہاں یاترا صبح 10 بجے کے قریب پہنچی۔آج کے دورے کے حوالے سے سابق مرکزی وزیر ارون یادو نے ٹویٹ کیا کہ ودیشا ضلع کے مجاہد آزادی کے پوتے نوین کوٹھاری اپنے خون سے بنائی گئی پینٹنگ راہول گاندھی کو دینے کے لئے یاترا میں قدم سے قدم ملاکر چل رہے ہیں۔مسٹر گاندھی کی یاترا 4 دسمبر کو ریاست کے آگر۔مالوا ضلع کے راستے راجستھان میں داخل ہوگی۔

بھارت جوڑو یاترا کو تمام ریاستوں میں عوام کی زبردست حمایت حاصل ہورہی ہے ۔