بھارت جوڑو یاترا میں پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی شریک

,

   

راہول گاندھی نے پلوامہ میں شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا

سری نگر: جموں و کشمیر میں بھارت جوڑو یاترا آج دوبارہ شروع ہوئی۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے اونتی پورہ سے بھارت جوڑو یاترا کا آغاز کیا۔ آج پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے بھی یاترا میں شرکت کی۔ یاترا کے دوران راہول گاندھی نے اس مقام پر شہیدوں کو خراج تحسین پیش کیا جہاں پر دہشت گرد حملہ ہوا تھا۔ راہول گاندھی نے ہفتہ کی صبح جموں و کشمیر کے پلوامہ ضلع کے اونتی پورہ سے اپنی ‘بھارت جوڑو یاترا’ دوبارہ شروع کی۔ ایک دن پہلے پارٹی کی جانب سے سیکورٹی میں کوتاہی کے الزام کے بعد یاترا کو اننت ناگ ضلع میں عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔ کانگریس نے جمعہ کو الزام لگایا تھا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں پولیس کی طرف سے کئے گئے حفاظتی انتظامات مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔ان الزامات پر جموں و کشمیر انتظامیہ نے کہا تھا کہ توقع سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے کی وجہ سے سیکورٹی وسائل پر دباؤ بڑھ گیا ہے اور ایسا محسوس ہوا کہ راہول گاندھی کی یاترا کے لیے مناسب حفاظتی انتظامات نہیں کیے گئے تھے۔دریں اثنا پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی اور ان کی بیٹی التجا مفتی کو ہفتہ کو اونتی پورہ میں ‘بھارت جوڑو یاترا’ کے دوران راہول کے ساتھ قدم قدم پر چلتے ہوئے دیکھا گیا۔ یاترا میں محبوبہ مفتی کی پارٹی کے کارکنوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔کشمیر میں راہول کے ساتھ ان کی بہن اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی یاترا میں حصہ لیا۔ یاترا کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ سیکورٹی فورسز نے یاترا کے آغاز کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو سیل کر دیا تھا۔ صرف مجاز گاڑیوں اور صحافیوں کو پنڈال تک پہنچنے کی اجازت دی گئی۔ راہول کے چاروں طرف تین سطحی حفاظتی حصار قائم کیا گیا تھا۔جنوبی کشمیر کے ضلع چورسو میں پرجوش حامیوں نے ‘بھارت جوڑو یاترا’ کا خیر مقدم کیا۔ کانگریس کے کارکنوں اور حامیوں کی بڑی تعداد ترنگا اور پارٹی پرچم لے کر راہول کا استقبال کرنے کے لیے جمع ہوئی۔ راہول کو جمعہ کو قاضی گنڈ علاقے کا دورہ اس وقت روکنا پڑا جب سیکورٹی فورسز بانہال سرنگ کے طرف جمع ہونے والے بھاری بھیڑ کو منظم کرنے میں ناکام رہی۔ اسی سرنگ کے ذریعے یاترا وادی کشمیر میں داخل ہوئی۔اس کے بعد راہول مشکل سے 500 میٹر بھی نہیں چل پائے۔ راہول کے سیکورٹی اہلکاروں نے انہیں یاترا روکنے کے لیے کہا کیونکہ پولیس اہلکار بھاری بھیڑ کو سنبھالنے کے لیے موجود نہیں تھے۔ اس کے بعد راہول کار سے اننت ناگ ضلع کے خانہ بل پہنچے، جہاں انہوں نے رات آرام کیا۔یاترا کو پانپور کے گالندر علاقے میں برلا اسکول کے قریب کچھ دیر رکنے کے بعد دن کے وقت سری نگر کے مضافات میں واقع پنتھا چوک پہنچنا تھا۔ پنتھا چوک پر رات کے قیام کے بعد ‘بھارت جوڑو یاترا’ اتوار کی صبح آگے بڑھے گی اور شہر کے بلیوارڈ روڈ پر واقع نہرو پارک کے قریب ختم ہوگی۔ راہول پیر کو ایم اے روڈ پر واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں ترنگا لہرائیں گے، اس کے بعد ایس کے اسٹیڈیم میں جلسہ عام ہوگا۔ اس جلسہ عام میں 23 اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں کو مدعو کیا گیا ہے۔’بھارت جوڑو یاترا’ گزشتہ سال 7 ستمبر کو تمل ناڈو کے کنیا کماری سے شروع ہوئی تھی۔