بھوک، غریبی اور بیماری کی دہشت گردی زیادہ خطرناک

,

   

لمحاتی سانحہ پر نہیں روز مرہ کے مسائل پر انتخابات لڑنا چاہئے : ششی تھرور
تھرواننتاپورم 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے لیڈر ششی تھرور نے پلوامہ میں حملے کے بعد بی جے پی زیرقیادت حکومت کو 2019 ء کے انتخابات کو خاکی انتخابات میں تبدیل کرنے کے لئے مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہاکہ لوک سبھا انتخابات محض ایک لمحاتی سانحہ کے موضوع پر نہیں بلکہ غربت اور بیماری جیسے بنیادی اور عام مسائل کی بنیاد پر لڑنا چاہئے۔ تھرور نے کہاکہ 14 فروری کو پلوامہ حملے میں سی آر پی ایف کے 40 جوانوں کی ہلاکت کے وقت عوامی لہر کانگریس کے حق میں تھی۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ مودی حکومت، لوک سبھا انتخابات کو قومی سلامتی پر مسئلہ انتخابات میں تبدیل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ ششی تھرور نے پی ٹی آئی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہاکہ ’وہ (بی جے پی قائدین) اپنی پیغام پرستی کے اس پیغام کا ہوّا کھڑا کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ خطرہ کے وقت صرف وہ ہی قوم کی حفاظت کرسکتے ہیں لیکن یہ میری سمجھ اور میری پارٹی کے نظریہ کے مطابق ملک کو درپیش چیلنج نہیں ہے۔ سابق سفارت کار اور مصنف ششی تھرور نے جو لگاتار تیسری مرتبہ لوک سبھا انتخاب کے لئے مقابلہ کررہے ہیں، کہاکہ ’میرے نظریہ کے مطابق بھوک، غریبی اور بیماری روز مرہ کی دہشت گردی ہے جو روزانہ لاکھوں ہندوستانیوں کے دلوں پر ضرب لگاتی ہے۔ حکومت کو سب سے پہلے اس سے بھی نمٹنا چاہئے‘۔ ششی تھرور نے مزید کہاکہ ’مَیں قومی سلامتی کی اہمیت کو نہیں گھٹا رہا ہوں لیکن مَیں کہتا ہوں کہ کسی ایک مخصوص لمحہ کے سانحہ کی بنیاد پر نہیں بلکہ روز مرہ کے بنیادی مسائل کے موضوع پر انتخابات لڑنا چاہئے کیوں کہ لمحاتی المیوں سے نمٹا جاتا ہے اور ان سے بہرحال نمٹا ہی جانا چاہئے‘۔