بہار : آر جے ڈی ، کانگریس کی نشستوں کو قطعیت

   

نئی دہلی ۔ 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے بہار میں آر جے ڈی کے ساتھ نشستوں کی تقسیم کے اپنے معاہدہ کو قطعیت دے دی ہے اور ریاست کے 40 پارلیمانی حلقوں کے منجملہ 11 پر انتخاب لڑے گی، ذرائع نے آج یہ بات کہی۔ چہارشنبہ کو دونوں پارٹیوں کے سرکردہ قائدین کی 8 گھنٹے طویل میٹنگ کے بعد معاہدہ کو قطعیت دی گئی اور امکان ہے کہ باقاعدہ اعلان پٹنہ میں 17 مارچ کو کیا جائے گا۔ لالو پرساد زیرقیادت راشٹریہ جنتادل امکان ہے لگ بھگ 20 نشستوں پر چناؤ لڑے گی اور بقیہ نشستیں چھوٹی حلیف جماعتوں کیلئے چھوڑ دے گی جیسے جیتن رام مانجھی زیرقیادت پارٹی، اوپیندرا کشواہا کی آر ایل ایس پی، ارجن رائے کی لوک تانترک جنتادل اور شردیادو کی پارٹی۔ آر جے ڈی نے چھوٹے حلیفوں اور لیفٹ پارٹیوں کے ساتھ نشستوں کی تقسیم پر اپنی بات چیت ابھی مکمل نہیں کی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ کانگریس عظیم اتحاد نے لیفٹ پارٹیوں کو شامل کرنا چاہتی ہے لیکن آر جے ڈی کی رائے مختلف ہے۔ دونوں پارٹیوں کے قائدین کی میٹنگ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال کی قیامگاہ پر ہوئی جہاں آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو و دیگر شریک ہوئے۔