بہار اسمبلی انتخابات : آج پہلے مرحلہ کی رائے دہی

,

   

۔71 نشستوں کیلئے1066 امیدوار، 35 مسلم امیدواروں کی بھی قسمت داؤ پر

بہار اسمبلی انتخابات 2020 کے پہلے مرحلے میں 16 اضلاع کے 71 اسمبلی حلقوں میں 2.14 کروڑ افراد اپنے حق رائے دہی استعمال کریں گے، ان کے لیے 31371 پولنگ بوتھز بنائے گئے ہیں۔بہار اسمبلی انتخابات 2020 کے پہلے مرحلے لیے 28 اکتوبر یعنی کل ووٹنگ ہونی ہے۔ پہلے مرحلے کے 71 سیٹوں کے لیے 1066 امیدوار میدان میں ہیں ان میں سے 35 مسلم امیدوار بھی ہیں جن کی قسمت کا فیصلہ کل ای وی ایم میں قید ہوجائے گا۔اعداد و شمار کے مطابق 17 پارٹیوں نے پہلے مرحلے لیے 35 مسلم امیدوار میدان میں اتارے ہیں، جن کی تفصیلات یہاں پیش کی جا رہی ہے ۔بہار اسمبلی انتخابات 2020 کی سرگرمیاں زوروں پر ہیں، پہلے مرحلے کے لیے پرچہ نامزدگی داخل ہوچکی ہے، جس میں 1065 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ ہر سیاسی پارٹی ‘اپنی ڈفلی اپنا راگ’ سے عوام کو مائل کرنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے۔ اقتدار کی کرسی پر کون براجمان ہوگا اور کس کی قسمت میں اپوزیشن میں بیٹھنا لکھا ہے اس کا فیصلہ 10 نومبر کو ہوجائے گا لیکن اس سے پہلے ووٹروں کو کیا کچھ دیکھنے کو ملے گا عنقریب سب کچھ سامنے آ جائے گا۔اس بار کے بہار انتخابات بہت دلچسپ اور الجھنوں سے پرْ ہیں کورونا وائرس کی وجہ سے جہاں الیکشن کمیشن سے لے کر ووٹر کافی خوفزدہ ہے تو وہیں سیکولر پارٹیاں اپنا اپنا محاذ بناکر ووٹروں کو نہ صرف کنفیوڑ کر رہی ہیں بلکہ نادانستہ طور پر دائیں بازو کی سیاسی جماعت کو اقتدار کی چابی سونپنے کی بھر پورکوشش کر رہی ہے۔ بی جے پی اور این ڈی اے کو اقتدار سے دور رکھنے کا نعرہ دینے والی یہ سیاسی پارٹیاں یہ طے ہی نہیں کر پارہی ہیں کہ وہ ووٹروں کو کیا متبادل نظام فراہم کرائیں گی۔