بہار الیکشن : پہلے مرحلہ کیلئے انتخابی مہم ختم، کل ووٹنگ

,

   

71 اسمبلی حلقوں کیلئے رائے دہی ہوگی، چیف منسٹر نتیش کمار کی ساکھ داؤ پر،تیجسوی کا سخت چیلنج

پٹنہ : بہار کے 71 اسمبلی حلقوں کیلئے انتخابی مہم کا پیر کو اختتام ہوا۔ ان حلقوں میں انتخابات کے پہلے مرحلہ میں چہارشنبہ 28 اکتوبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ این ڈی اے کی طرف سے قیادت کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے تین انتخابی ریالیوں سے خطاب کیا جہاں انہوں نے رائے دہندوں سے چیف منسٹر نتیش کمار کو اقتدار پر واپس لانے کی اپیل کی ۔ سابق صدر کانگریس راہول گاندھی نے بھی دو ریالیوں سے خطاب کیا۔ ان کی پارٹی لالو پرساد کے آر جے ڈی اور بائیں بازو کی تین پارٹیوں کے ساتھ انتخابی اتحاد میں الیکشن لڑ رہی ہے۔ بی جے پی ریاستوں کے سیاسی منظر پر غلبہ پانے بے چین ہیں جس کی عکاسی نشستوں کی تقسیم کی معاملت سے ہوئی۔ اس معاملت کے تحت بی جے پی نے ریاست میں اپنی سینئر پارٹنر جے ڈی (یو) کے لگ بھگ مساوی نشستیں حاصل کئے ۔ مودی کے علاوہ بی جے پی کی طرف سے نمایاں قائدین میں چیف منسٹر اتر پردیش یوگی ادتیہ ناتھ اور صدر پارٹی جے پی نڈا نے اپنے انتخابی خطابات میں بار بار آرٹیکل 370 کی تنسیخ ، ایودھیا میں رام مندر کا سنگ بنیاد اور تین طلاق کے خلاف قانون کا تذکرہ کیا اور اسے مرکز کی حکومت کے کارہائے نمایاں قرار دیتے ہوئے ان کی مخالفت کرنے والی اپوزیشن پر لفظی حملے کئے۔ 69 سالہ چیف منسٹر نتیش کو نوجوان آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کے زبردست چیلنج کا سامنا ہے۔ تیجسوی کے جلسے کامیاب معلوم ہورہے ہیں۔ ایک اور نوجوان صدر ایل جے پی چراغ پاسوان ہیں جنہوں نے اسمبلی چناؤ تنہا لڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سیاسی حلقوں کو حیرت زدہ کیا ہے ۔ 37 سالہ پاسوان نے اپنے والد رام ولاس پاسوان کے دیہانت کے سبب انتخابی مہم تاخیر سے شروعات کی۔