بہار میں آئندہ اسمبلی چنائو میں 200 نشستیں، نتیش کمار کا دعوی

,

   

جنتادل (یو) اور بی جے پی میں دراڑ کی باتیں مسترد، مخالفین میں سیاسی سمجھ کا فقدان
پٹنہ۔20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے وزیراعلی نتیش کمار نے جمعہ کے دن واضح طور پر ان خبروں کو مسترد کردیا کہ بی جے پی کے ساتھ ان کے اتحاد میں دراڑ پڑگئی ہے۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ این ڈی اے آئندہ سال منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں 200 سے زائد نشستیں حاصل کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ جنتال (یو) اور ان کی اتحادی شراکت دار بی جے پی کے درمیان پھوٹ ڈالنا چاہتے ہیں وہ خود مصیبت میں گھر جائیں گے۔ نتیش کمار نے جنتادل (یو) کے ریاستی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں مخالفین پر سخت چوٹ کرتے ہوئے کہا کہ ان میں سیاسی سوجھ بوجھ کا فقدان ہے اور وہ مجھ پر شخصی حملے کرکے شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں اور نجی ملاقاتوں میں وہ یہ کہتے ہیں کہ وہ ایسا کہنے پر مجبور ہیں۔ کمار نے کہا کہ میں اپنی پارٹی کے ترجمانوں کو یہی مشورہ دوں گا کہ وہ ان باتوں میں نہ آئیں اور ہر تہمت جو مجھ پر لگائی جاتی ہے اس پر ردعمل کے اظہار سے گریز کریں۔ انہوں نے بیان کیا کہ 2010ء کے اسمبلی انتخابات کے دنوں کو یاد کرنے کی کوشش کیجئے۔ تذبذب کا شکار لوگوں کو شبہ تھا کہ ہم دوبارہ اکثریت حاصل کرسکیں گے۔ لیکن ہم 243 سیٹوں میں سے 206 سیٹوں پر کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے تالیوں کی گونج میں کہا کہ آئندہ سال ہمیں یقین ہے کہ ہم 200 سے زائد سیٹ حاصل کریں گے۔ این ڈی اے نے لوک سبھا انتخابات میں حال ہی میں بہار کی جملہ 40 سیٹوں میں سے 39 سیٹ جیت لیں۔ جنتادل (یو) کے صدر نتیش کے اس بیان نے بی جے پی کے بعض لیڈروں کے بیان کی روشنی میں کافی اہمیت اختیار کرلی۔ بی جے پی کے لیڈر بہار میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے بعد اپنا چیف منسٹر دیکھنا چاہتے ہیں۔ نتیش کمار نے درپردہ آر جے ڈی اور اس کے قائد تیجسوی یادو پر بھی تنقید کی۔