بہتر صفائی اور آلودگی سے پاک ماحولیات کو یقینی بنانے کی ہدایت

,

   

ریاست کے تمام بلدیہ کمشنرس انتظامات کی نگرانی پر خصوصی توجہ دیں ، اروند کمار پرنسپل سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق کی ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔19مارچ(سیاست نیوز) بلدی کمشنران اپنے میونسپل علاقو ںکی صفائی پر توجہ مرکوز کریں اور اہم سڑکوں ‘ رہائشی علاقوں اور عوامی مقامات پر صفائی کا خصوصی خیال رکھتے ہوئے اس بات کی کوشش کریں کہ ان کے علاقوں میں صفائی یقینی ہو۔ کمشنر خود صفائی کے انتظامات کی راست نگرانی کریں تاکہ ماتحت عہدیداروں کو ان امور سے دلچسپی لیں اور اپنے شہروں کی صفائی کے ذریعہ شہریوں کی صحت کا خیال رکھیں۔مسٹر اروند کمار پرنسپل سیکریٹری ریاستی محکمہ بلدی نظم و نسق نے آج ریاست کے تمام بلدی کمشنران کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اجلاس کے دوران یہ ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے تمام شہروں کو پاک و صاف بنانے کیلئے بلدیات کے ذمہ داروں کو اقدامات کرنے چاہئے ۔ انہو ںنے بتایا کہ آئندہ ماہ کے اواخر تک ریاست کی 52بلدیات میں نرسریز کے قیام کے عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور آئندہ ماہ کے اوائل سے ہی اس پر عمل آوری کے اقدامات شروع کردیئے جانے چاہئے ۔ مسٹر اروند کمار نے کمشنران سے ویڈیو کانفرنس کے دوران انہیں اپنے شہروں میں شجرکاری اور صفائی کو یقینی بنانے کیلئے غیر سرکاری تنظیموں سے بھی تعاون حاصل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے شہروں میں صفائی کو ممکن بنانے کے ساتھ ساتھ ماحولیات پر بھی توجہ دی جائے ۔ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار نے سوچھ سرویکشنا پیر زادی گوڑہ ‘ سدی پیٹ‘ سرسلہ اور بوڈ اپل بلدیات کو ایوارڈ حاصل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں موجود تمام بلدیات میں صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے علاوہ صحت عامہ پر خصوصی توجہ دہانی کی ضرورت ہے اسی لئے کمشنران کو چاہئے کہ وہ راست نگرانی کے ذریعہ اپنے شہروں میں صفائی پر توجہ مرکوز کریں ۔انہوں نے ویڈیو کانفرنس کے دوران صفائی کے سلسلہ میں انتظامات کے ساتھ سڑکوں ‘ عوامی پارکس‘ عوامی مقامات کے علاوہ ایسے مقامات جہاں پر آبادیاں موجود ہوں ان میں صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں تاکہ شہر ریاست تلنگانہ کے تمام شہروں کے علاوہ مواضعات میں صفائی کے انتظامات کئے جاسکیں۔انہو ںنے تمام کمشنران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے بلدیاتی علاقوں میں چشک اور نم کچہرے کو علحدہ کرنے کی مہم کی شروعات کریں تاکہ ان کے مثبت نتائج برآمد ہوں اور شہریوں میں بھی اس سلسلہ میں شعور اجاگر ہو اور وہ بھی صفائی کا خاص خیال رکھیں جس کا عوام کو بلدیہ دونوں کو فائدہ ہوگا۔