بیالٹ باکسس اسٹرانگ رومس منتقل

,

   

سخت سیکوریٹی انتظامات ،سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی

حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد بلدی چناؤ کی رائے دہی کے بعد بیالٹ باکسس کو اسٹرانگ رومس میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان منتقل کردیا گیا ہے ۔ 150 بلدی ڈیویژنس کے لئے 150 اسٹرانگ رومس قائم کئے گئے جن کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ کی جائے گی ۔ یہ اسٹرانگ رومس 30 بلدی سرکلس میں الگ الگ مقام پر قائم کئے گئے ہیں۔ اسٹرانگ رومس میں مختلف ڈیویژنس کے بیالٹ باکسس کے ایک دوسرے سے مل جانے کی صورتحال سے بچنے کیلئے فرش پر بلدی ڈیویژنس کا نمبر تحریر کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کے علاوہ پولیس کی خصوصی ٹیمیں اسٹرانگ رومس کی نگرانی کریں گی ۔ الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی نے بتایا کہ رائے دہی کی تکمیل کے بعد پریسائیڈنگ آفیسرس بیالٹ پیپر کا حساب کرتے ہوئے اس کی ایک کاپی امیدوار یا اس کے پولنگ ایجنٹ کے حوالے کریں گے۔ رائے دہی کی تکمیل کے بعد امیدواروں کے ایجنٹس کی موجودگی میں بیالٹ باکسس کو مہربند کرتے ہوئے متعلقہ اسٹرانگ رومس منتقل کردیا گیا ہے۔ ہر امیدوار کو تین ایجنٹس کی اجازت دی گئی جن میں سے کوئی ایک 100 میٹر کے فاصلہ سے اسٹرانگ روم کی نگرانی یا معائنہ کرسکتا ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں تمام متعلقہ امیدواروں کو اطلاع دینے کے بعد ریٹرننگ آفیسر کی موجودگی میں اسٹرانگ روم کھولا جائے گا ۔ بیالٹ باکسس کو محفوظ کرنے سے لے کر ان کی کشادگی تک سارے عمل کی ویڈیو گرافی کی جائے گی۔ اسٹرانگ رومس کی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جن کا علحدہ کنٹرول روم ہیں۔ شہر کے 149 بلدی ڈیویژنس میں آج رائے دہی مکمل ہوگئی جبکہ اولڈ ملک پیٹ ڈیویژن میں 3 ڈسمبر کو رائے دہی ہوگی۔