بیرونی دوروں سے دنیا بھر میں ہندوستانی طاقت کا اعتراف

,

   

۔20 ، 25 نشستوں پر مقابلہ کرنے والی پارٹیوں کے قائدین وزیراعظم بننے تیار : مودی
کمارپارہ۔24اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے بیرونی دوروں پر اپوزیشن کی طرف سے کی جانے والی تنقیدوں کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ ان کے متعدد بیرونی دوروں کی بدولت ہی عالمی سطح پر ہندوستان کی طاقت کا اعتراف ہوا ہے ۔ مودی نے بحیثیت وزیراعظم اپنی میعاد کے دوران ملک سے زیادہ بیرونی ممالک میں دیکھے جانے سے متعلق اپوزیشن کی طنز کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بمشکل پانچ سال قبل ہندوستان اپنی آواز سنانے میں دشواری محسوس کیا کرتا تھا لیکن اب دنیا اس کے ساتھ کھڑی ہے ۔ مودی نے بیربھوم میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ میں نے کہیں پڑھا ہے کہ دیدی ( ممتا بنرجی ) نے کہا ہے کہ چائے والا تمام پانچ برسوں کے دوران بیرونی دوروں میں مصروف رہا ہے لیکن یہ حقیقیت ہے کہ ان ہی دوروں کی بدولت دنیا میں ہر طرف ہندوستان کی طاقت کا اعتراف کیا جارہا ہے ‘‘ ۔ اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ہر کوئی لیڈر جس کی پارٹی 20، 25 نشستوں پر مقابلہ کررہی ہے اب وزیراعظم بننا چاہتا ہے ۔ وزیراعظم نے ان قائدین کا مذاق اُڑاتے ہوئے کہا کہ ’’ یہ سب گھنگرو باندھ کر تیار ہوچکے ہیں‘‘ ۔ آزادانہ و غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے ایکشن کمیشن سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ لیکن دیدی کو اس بات پر بہت عصہ ہے ‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تین مرحلوں کی رائے دہی کے بعد ملنے والی اطلاعات سے واضح ہوگیا ہے کہ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کا سورج ڈوبنے والا ہے ۔ مودی نے کہا کہ ’’ دیدی کے پاس اگر غنڈوں کی طاقت ہے تو ، ہماری پاس جمہوریت کی طاقت ہے ‘‘ ۔