بیرونی یونیورسٹیوں کو سعودی میں کیمپس قائم کرنے کی سہولت

,

   

کابینہ کا فیصلہ ، مقامی طلباء کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے اقدامات
جدہ ۔ 5 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بیرونی یونیورسٹیوں کو اب سعودی عرب میں اپنے کیمپس قائم کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔ سعودی عرب کے وزیر تعلیم ڈاکٹر حامد الشیخ نے بتایا کہ کابینہ کے اس فیصلہ سے بہترین اور معیاری تعلیم کا حصول ہوگا۔ سعودی کابینہ کے اس فیصلہ کا بڑے پیمانے پر ماہرین تعلیم اور طلباء کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا جن کو اس سے فائدہ حاصل ہوگا ۔ بیرونی یونیورسٹیوں کے کیمپس کے قیام سے مقامی یونیورسٹیوں کے معیار تعلیم میں اضافہ ہوگا اور مسابقت زیادہ ہوگی جس کی شدید ضرورت ہے۔ ایجوکیشن اینڈ انٹرپرینیسور شپ کنسلٹنٹ ڈاکٹر تقریدالسراج نے عرب نیوز کو یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ مسابقت سے معیار تعلیم میں اضافہ ہوگا ۔ کینیڈا کی یارک یونیورسٹی میں پانچ سالہ گورنمنٹ اسکالرشپ پروگرام میں شامل عبدان العبدان نے کابینہ کے اس فیصلے کو مثبت اور ترقی پسند بتایا اور کہا کہ اس سے ان طلباء کو سعودی میں ہی بہتر تعلیم کے حصول کا موقع ملے گا جن کو بیرون ملک تعلیم کیلئے جانے کی سہولت حاصل نہیں ہے۔ بیرون ملک اعلیٰ تعلیم مکمل کرنے کا منصوبہ رکھنے والی 28 سالہ مشعل القدیر نے بتایا کہ حکومت اعلیٰ و معیاری تعلیم فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس کیلئے ہمیں ملک چھوڑنے کی ضرورت نہیں ہے۔