بیگن، پیازاور ٹماٹر کے کسانوں کو کوئی نقصان نہیں ہوا:حکومت

   

نئی دہلی4جنوری (سیاست ڈاٹ کام )حکومت نے آج راجیہ سبھا میں کہا کہ بیگن، پیاز اور ٹماٹر جیسی سبزیوں کی پیداوار کرنے والے کسانوں کو ان کی قیمتیں گرنے کی وجہ سے کوئی نقصان نہیں ہوا ہے ۔زراعت اور کسانوں کے بہبودکے وزیر رادھا موہن سنگھ نے ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران یہ اطلاع دی انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی پیداوار کی قیمت گرنے کی صورت میں کسانوں کی مدد کرنے کی ‘بازار مداخلت اسکیم’ ہے ۔ اس کے تحت کسی بھی پیداوار کا دس فیصد بڑھنے اور قیمت دس فیصد گرنے کی صورت میں بازر میں حکومت مداخلت کرتی ہے اور ریاستی حکومت کی درخواست پر صرف 24گھنٹے میں مدد فراہم کرادی جاتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کا فائدہ اترپردیش تلنگانہ ،مغربی بنگا اور کرناٹک نے اٹھایا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کھانے پینے کی عادتوں میں تبدیلی کی وجہ ساگ سبزیوں کی مانگ میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔ اسی کے مطابق پیداوار میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ لیکن کبھی کبھی کسانوں کو نقصان ہونے کا خدشہ رہتا ہے ۔ اس لئے حکومت کسانوں کو پیداوار کی قیمت کا تعین کرنے کی تربیت دینے کی اسکیم چلارہی ہے ۔ اس کے تحت ٹماٹر، پیاز اور لہسن کے کسانوں کو پیداوار کی قیمت کے تعین کی تربیت دے رہی ہے ۔