بی آر ایس اور ٹی آر ایس ایک سکہ کے دو رخ

   

دونوں جماعتیں وعدوں کی تکمیل میں ناکام، ونئے ریڈی، شیخ عبداللہ سہیل کا ردعمل

حیدرآباد ۔ 18 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری و انچارج صنعت نگر اور جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ونئے ریڈی کی قیادت میں آج اسمبلی حلقہ صنعت نگر میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کا اہتمام کیا گیا جس میں مہمان اعزازی کے طور پر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل، انیل کمار یادو، ایم آدتیہ ریڈی سابق کارپوریٹر ایوب خان کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی۔ ونئے ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی کا پیغام گھر گھر پہنچانے کیلئے ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پدیاترا شروع ہوگئی ہے۔ اس پدیاترا کے ذریعہ عوامی مسائل کو بھی جاننے کی کوشش کی جارہی ہے۔ عوام بی آر ایس اور بی جے پی دونوں حکومتوں کی کارکردگی سے مایوس ہیں۔ بی جے پی فرقہ پرستی کے ایجنڈے پر ملک میں نفرت پھیلارہی ہے اور کانگریس پارٹی محبت کا پیغام عام کررہی ہے۔ بی آر ایس حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہوچکی ہے۔ دونوں ہی حکومتوں کو سبق سکھانے کا وقت آ گیا ہے۔ صدرنشین تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے بی آر ایس اور بی جے پی کو ایک ہی سکہ کے دو رخ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ہی جماعتیں ملک اور ریاست کو لوٹ کر عوام کو کنگال بنارہی ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے 100 لاکھ کروڑ سے زیادہ قرض حاصل کرتے ہوئے ملک کے ہر شہری کو مقروض بنادیا ہے۔ پکوان گیس، پٹرول، ڈیزل اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان کو چھورہی ہے۔ ملک میں غیرمعلنہ معاشی ایمرجنسی نافذ ہوگئی ہے۔ روپئے کی قدر گھٹ گئی ہے۔ بیروزگاری میں اضافہ ہوگیا ہے۔ تلنگانہ کی بی آر ایس حکومت سیکولرازم کا چولہ پہن کر اقلیتوں کو دھوکہ دے رہی ہے۔ اقلیتوں سے کئے گئے 12 فیصد مسلم تحفظات کے علاوہ دوسرے وعدوں کو فراموش کردیا ہے۔ اس لئے دونوں جماعتوں کو اقتدار سے محروم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ کانگریس پارٹی عوامی مفادات کی تکمیل کرے گی فرقہ پرستی کا خاتمہ کرے گی۔ن