بی جے پی اقتدار میں بچیاں بھی محفوظ نہیں :اکھلیش

   

لکھنؤ:2دسمبر(سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ و سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے اترپردیش میں نظم وضبط کے خستہ حال ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اقتدار میں بچیاں بھی محفوظ نہیں ہیں اور وہ بھی ظلم وبربریت کا شکار ہورہی ہیں۔مسٹر یادو نے پیر کو یہاں جاری بیان میں کہا کہ بی جے پی اقتدار میں خواتین اور بیٹیاں محفوظ نہیں ہیں۔ وہ گھر سے باہر نکلیں،پڑھنے جائیں،کسی تقریب میں شرکت کے لئے جائیں یا اپنی نوکر ی پر جائیں ان کے ساتھ سیکورٹی کا ڈر ساتھ ساتھ چلتا ہے ہر دن عصمت ریزی اور جنسی استحصال کے معاملے درج ہوتے ہیں۔ نابالغ بچیاں بھی اسی طرح سے ظلم کا شکار ہوتی ہیں۔کسی بھی مہذب سماج کے لئے یہ کافی تشویش کی بات اور قابل مذمت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں تو حالات دن بہ دن خرات ہوتے جارہے ہیں ہر دن عصمت ریزی کے معاملات پیش آتے ہیں ۔بیٹی بچاؤ۔بیٹی پڑھاؤ کا جھوٹا نعرہ دینے والے اقتدار میں رہتے ہوئے بھی غیر انسانی واقعات پر قابو حاصل کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔آج جنگل راج کا شکار اترپردیش میں ہر بیٹی خود کو غیر محفوظ محسوس کررہی ہے ۔