بی جے پی ‘ بھارتیہ جھوٹی پارٹی ‘ : ہریش راؤ

   

مرکزی حکومت کسانوں کی مخالف ۔ ریاستی وزیر فینانس کا خطاب
حیدرآباد۔16جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے آج بی جے پی کو ’ بھارتیہ جھوٹی پارٹی ‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ ملک میں زرعی برادری کے مفادات کے خلاف کام کر رہی ہے ۔ سدی پیٹ میں بی جے پی لیڈرس و کارکنوں کے ٹی آر ایس میں شامل ہونے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت کئی محاذوں پر اپنے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے نئے زرعی قوانین تیار کرتے ہوئے کسانوں کو بحران کا شکار کردیا تھا اور اب وہ کھاد کی قیمتوں میںاضافہ کر رہی ہے جس سے کسانوں پر اضافی بوجھ عائد ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی حکومت کسانوں کی بہتری کے کئی پروگرامس شروع کر رہی ہے ان میں ریتو بندھو ‘ ریتو بیما ‘ 24 گھنٹے مفت برقی سربراہی ‘ بیج و کھاد کی دستیابی اور مناسب آبپاشی شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کسانوں کیلئے صرف مسائل پیدا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے کروڑوں روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن مرکز نے عوامی شعبہ کی کمپنیوں میں سرمایہ نکاسی کرکے ہزاروں افراد کو بیروزگار کردیا ہے ۔ اس کے برخلاف تلنگانہ حکومت نے کئی شعبوں میں بھرتی کے اعلامئے جاری کئے ہیں اور خانگی شعبہ میں بھی روزگار کے مواقع فراہم کر رہی ہے ۔ انہوں نے عوام سے ٹی آر ایس کا ساتھ دینے کی اپیل کی ۔