بی جے پی منوہر پاریکر کی راہ سے ہٹ گئی، بیٹے کا اظہار تاسف

   

پاناجی، 11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) گوا میں 10 کانگریس ایم ایل ایز کو بی جے پی میں شامل کرنے کے اقدام نے برسراقتدار پارٹی کے اندرون بعض گوشوں بشمول آنجہانی سی ایم منوہر پاریکر کے فرزند اتپل کو ناراض کیا ہے۔ ان سیاسی تبدیلیوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اتپل نے کہا کہ جو کچھ ہوا ہے وہ یقینی طور پر اُس راہ سے مختلف ہے جو اُن کے والد نے اختیار کی تھی۔ اتپل نے آج یہاں کہا: ’’میں جانتا ہوں رواں سال 17 مارچ کو جب میرے والد چل بسے، تب ہی اُس راہ کا اختتام ہوگیا۔ لیکن گوا والوں نے اسے گزشتہ روز جانا ہے۔‘‘ انھوں نے بی جے پی میں کانگریس کے 10 ارکان اسمبلی کی شمولیت پر ردعمل میں کہا کہ عہد اور بھروسہ جیسے الفاظ بی جے پی میں 17 مارچ کو ناپید ہوگئے۔ اتپل منوہر کی موت کے بعد اسمبلی ضمنی چناؤ میں بی جے پی ٹکٹ کیلئے دعوے دار تھے لیکن بی جے پی نے اُس نشست سے انھیں امیدوار نہیں بنایا جس کی اُن کے والد نے زائد دو دہے نمائندگی کی۔