بی جے پی ناکامیاں چھپانے انتشار پھیلا رہی ہے : فاروق عبداللہ

,

   

سرینگر ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی پر اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے ملک کو منتشر کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے صدر نشینل کانفرنس فاروق عبداللہ نے آج کہا کہ اب اتحاد قائم کرنے اور ان لوگوں کو منہ توڑ جواب دینے کا وقت آ گیا ہے جو ہمارے سماجی تانے بانے کو تباہ کردینے کے در پے ہیں۔ انہوں نے یہاں کہا کہ بی جے پی کا اعتبار گھٹ چکا ہے اور اس کا نظریہ دوبارہ جذباتی مسائل کو اٹھانے تک محدود ہوگیا ہے۔ جس صورتحال کا آج ہمیں سامنا ہے وہ مایوسی کے ساتھ یاد دہانی کراتی ہیکہ کس طرح فرقہ پرست قوتیں اپنے مفاد کی تکمیل کیلئے منفی کھیل میں ملوث ہوسکتی ہے۔ بی جے پی ہندی پٹی میں ناکامی کے بعد اعلیٰ سطح کی انتشار پسند سیاست کی طرف پلٹ رہی ہے۔ صدر این سی پارٹی کے ہیڈکوارٹرس نوائے صبح میں صوبائی ورکنگ کمیٹی میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس اور اس کی محاذی تنظیمیں ریاست کا ماحول بھی بگاڑنے کی پوری کوششیں کررہے ہیں کیونکہ ان کے پاس ترقی اور استحکام کے معاملہ میں کوئی پروگرام نہیں ہیں۔