تلنگانہ بھر میں رات کا کرفیو، کورونا وائرس پر قابو پانے سخت تر اقدامات

,

   

کوئی گھر کے باہر نہ آئے، کوئی مشکل ہو تو 100 پر ڈائیل کریں گاڑی آپ کے گھر آئے گی، عوام سے تعاون کی خواہش

’’ مکمل کرفیو کے نفاذ، دیکھتے ہی گولی مارنے کے احکام یا فوج کی طلبی جیسے
حالات پیدا نہ کئے جائیں، قرنطینہ کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے پاسپورٹ ضبط کرلئے جائیں گے‘‘۔۔۔کے سی آرکی وارننگ

حیدرآباد 24 مارچ (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر ریاست بھر میں شام 7 بجے تا 6 بجے صبح کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیاکہ ’اب کرفیو نافذ کردیا گیا ہے‘۔ اُنھوں نے کہاکہ ’شام 7 بجے تا 6 بجے صبح ریاست بھر میں کرفیو رہے گا۔ آج سے رات کا کرفیو نافذ کیا جارہا ہے جو کل تک نہیں تھا‘۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ’کوئی بھی کسی بھی قیمت پر سڑک پر نہ آئیں۔ اگر کسی کو کوئی مشکل یا پریشانی ہوگی تو وہ ’100‘ پر ڈائیل کریں۔ گاڑی آپ کے گھر آئے گی اور آپ کی مدد کی جائے گی‘۔ کے چندرشیکھر راؤ نے 22 مارچ کو اعلان کیا تھا کہ اس وباء کو پھیلنے سے روکنے کے لئے 31 مارچ تک لاک ڈاؤن نافذ کیا جارہا ہے‘۔ اُنھوں نے گاؤں کے سرپنچ سے لے کر ارکان اسمبلی تک تمام عوامی نمائندوں کو چاہئے کہ لاک ڈاؤن پر عمل آوری میں انتظامیہ کی مدد کریں۔ کے سی آر نے عوام سے تعاون کی درخواست کی اور مشورہ دیا کہ وہ صورتحال کو مکمل کرفیو کے نفاذ یا دیکھتے ہی گولی مار دینے کے احکام، فوج کی طلبی جیسے سخت گیر اقدامات کرنے تک پہونچنے کے لئے مجبور نہ کریں۔ بیرونی ممالک سے واپس ہونے والے بعض افراد کی طرف سے گھر پر قرنطینہ میں رہنے کی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے کے واقعات کے پیش نظر چیف منسٹر نے کہاکہ عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان تمام افراد کے پاسپورٹ ضبط کرلیں جنھیں گھر پر قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اُنھوں نے خبردار کیاکہ قرنطینہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے پاسپورٹس منسوخ کرنے کی سفارش کی جائے گی۔ کے سی آر نے مثال پیش کرتے ہوئے کہاکہ نرمل میں ایک شخص نے تین مرتبہ گھر میں قرنطینہ میں رہنے کے احکام کی خلاف ورزی کی تھی۔ وہ کئی مرتبہ باہر نکل کر گھومتا ہوا پکڑا گیا۔ چیف منسٹر کے مطابق کوویڈ ۔ 19 کے فی الحال 114 مشتبہ کیسیس ہیں۔ 19,313 افراد کو کڑی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ ترکاریوں اور ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی اطلاعات پر کے سی آر نے وارننگ دی کہ ضروری اشیاء کو بھاری قیمتوں پر فروخت کرنے والوں کے خلاف عادی مجرمین سے متعلق قانون کی دفعات استعمال کی جائیں گی۔ حتیٰ کہ ایسے تاجرین کے لائسنس منسوخ کردیئے جائیں گے۔ کے سی آر نے مزید کہاکہ تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مثبت کیسیس کی تعداد منگل کو 36 تک پہونچ گئی ان میں ایک وہ شخص بھی شامل ہے جو سب سے پہلے اس وباء سے متاثر ہوا تھا اور پوری طرح صحتیاب ہونے کے بعد دواخانہ سے ڈسچارج کیا جاچکا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تمام زیرعلاج مریضوں کی حالت مستحکم ہے اور کسی کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ بین ریاستی سرحدوں پر پھنسی ہوئی ان تمام گاڑیوں کو آگے کا سفر جاری رکھنے کی اجازت دیدی جائے گی جو 22 مارچ کو لاک ڈاؤن کے اعلان کے وقت روک دی گئی تھیں۔ ان تمام گاڑیوں کو ٹول فیس سے استثنیٰ دیا جائے گا تاکہ ٹول گیٹس پر ٹریفک جمع نہ ہوسکے۔